معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کی جائے گی، کور کمانڈرز کانفرنس

راولپنڈی: آرمی چیف کی زیر صدارت کورکمانڈرز کانفرنس میں پاک فوج کی اعلیٰ قیادت نے معیشت کی بحالی کے لیے حکومت کو ہر ممکن معاونت فراہم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر کی زیر صدارت جی ایچ کیو میں 258ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔

فورم کو حکومت کے اقتصادی بحالی کے منصوبے اور خصوصا نئی تشکیل دی جانے والی فیسلیٹیشن کونسل، زراعت، کان کنی، معدنیات اور دفاعی پیداوار کے شعبوں میں فوج کے کردار کے بارے میں بھی آگاہ کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ حکومت پاکستان کی جانب سے معیشت کی بحالی کے لیے منصوبہ بندی اور حکمت عملی کے اقدامات پر ہر ممکن تکنیکی اور انتظامی معاونت فراہم کی جائے گی۔

اس موقع پر فورم نے دہشت گردی کے خطرے کے خلاف مادر وطن کے دفاع میں بہادر سپاہیوں کی مسلسل قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا جبکہ کانفرنس میں شرکا کو داخلہ سلامتی کی موجودہ صورت حال پر بریفنگ بھی دی گئی۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کالعدم ٹی ٹی پی اور اس کے دیگر گروہوں کے دہشت گردوں کو پڑوسی ملک میں محفوظ پناہ گاہیں اور کارروائی کی آزادی اور دہشت گردوں کو جدید ترین ہتھیاروں کی دستیابی پر افسوس کا اظہار کیا گیا جبکہ پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں اور تربیتی پہلوؤں پر بھی تفصیل سے غور کیا گیا۔

چیف آف آرمی اسٹاف نے کہا کہ معروضی تریبت ہماری پیشہ وارانہ مہارت کا خاصہ ہے اور ہمیں اپنی قومی سلامتی کو لاحق کسی بھی خطرے سے نمٹنے کے لیے ہمیشہ تیار رہنا چاہیے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button