میرے خلاف پہلے سازش اور پھر مداخلت ہوئی، عمران خان
لاہور: چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا ہے کہ ہماری حکومت کے خلاف پہلے سازش پھر مداخلت ہوئی ہے۔
عمران خان نے لاہور میں کارکنوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امپورٹڈ حکومت سے امریکا ہمیں فتح کیے بغیر کنٹرول کرے گا، امریکا نے کہا کہ اگر عمران کے خلاف تحریک عدم اعتماد ناکام ہوئی تو پاکستان کو نقصان کا سامنا ہوگا، ہماری حکومت کیخلاف پہلے سازش ہوئی پھر مداخلت ہوئی، پاکستان کے لیے یہ فیصلہ کن وقت ہے، آپ کو آنے والےدنوں کا لائحہ عمل دینے کے لیے یہاں آیا ہوں۔
عمران خان نے کہا کہ کل ہم نے شب دعا کا اعلان کیا ہے آپ نے رات 10بجے دعا میں شریک ہونا ہے، مولانا طارق جمیل ملک کی حقیقی آزادی کے لیے دعا کروائیں گے، لاہور کے کارکنوں کا آنے والے دنوں میں اہم رول ہے، آپ نے گلی ،محلوں میں لوگوں کے پاس جا کر تبلیغ کرنی ہے۔
عمران خان نے کہا کہ میری کال پر کم از کم 20 لاکھ اسلام آباد پہنچیں، آپ نے عوام کو ایک ایک بات بتانی ہے یہ میر جعفراور چیری بلاسم ہیں ، اگر یہ کامیاب ہو جاتے ہیں تو کبھی پاکستان کا وزیراعظم بیرونی سازش کا مقابلہ نہیں کر سکے گا، یہ کبھی اپنے ملک کے لیے کھڑے نہیں ہونگے، ان کے دور کے جو کیسز ہیں ان کے اپنے دور کے بنے ہوئے ہیں، یہ ایک ساتھ ہوکر لوٹ مار کریں گے، یہ اپنے اور اپنے وزراکے کیسز ختم کریں گے، شہباز شریف این آر او 2 چاہتا ہے، چوروں کے ٹبر کو این آر او 2 ملا تو پھر ملکی انصاف کے نظام کی قبر کھودی جائے گی جس میں وہ دفن ہوجائے گا اور ہماری عدالتیں صرف چھوٹے چھوٹے چوروں کو پکڑیں گی۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ چیف الیکشن کمشنر راجہ سلطان ن لیگ کاایجنٹ ہے، الیکشن کمشنر پی ٹی آئی کے خلاف فیصلے دیتے آئے ہیں۔