دل کی بے ترتیب دھڑکن نوٹ کرنے والا اسپیکر تیار

واشنگٹن: اب تک ہم اسپیکروں سے آواز اور موسیقی ہی سنتے رہے ہیں لیکن اب ایک ایسا اسپیکر بنایا گیا ہے جس کےسامنے بیٹھنے سے وہ دل کی بے ترتیب دھڑکن (ارِدمیا) نوٹ کرسکتا ہے۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن ایک اسمارٹ اسپیکر بنایا ہے جو مشین لرننگ ٹیکنالوجی کے ذریعے کسی بھی شخص سے جڑے بغیر اس کے دل کی دھڑکن سن سکتا ہے اور اس میں کسی قسم کی ترتیب یا بے ترتیبی کو نوٹ کرسکتا ہے۔ اس طرح ابتدائی درجے میں ہی دل کی مختلف بیماریوں کا سراغ لگایا جاسکتا ہے۔ ابتدائی آزمائش میں یہ اسپیکر بہت کامیاب ثابت ہوا ہے۔

یونیورسٹی آف واشنگٹن کی ٹیم نے ہر ایک کے دل کی دھڑکن میں کمی بیشی اور بے قاعدگی کو نوٹ کرنے والا نظام ایسے مریضوں کے لیے بنایا ہے جنہیں بالخصوص گہری نگہداشت کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ اسپیکر کسی قلبی بے قاعدگی کو نوٹ کرکے فوری طور پر اس کی خبر ڈاکٹر کو بھی دے سکتا ہے۔ واضح رہے کہ ہارٹ بیٹ (دل کی دھڑکن) اور ہارٹ ردم یعنی دل کے دھڑکنوں کے درمیان وقفوں میں کمی بیشی دونوں الگ الگ معاملات ہیں۔ اس ضمن میں ہارٹ ردم بہت اہمیت رکھتی ہے۔

اسپیکر کے خالق ڈاکٹر ارون شریدھر کہتے ہیں کہ دل کی دھڑکن میں بے ترتیبی فالج اور دیگر خطرناک امراج کی وجہ بنتی ہے۔ لیکن اس کی شناخت بہت مشکل ہوتی ہے اور اب نہایت کم خرچ میں اس کی شناخت کی جاسکتی ہے۔ اسمارٹ اسپیکر کو گھر میں استعمال کرکے دل کے مریضوں کو اموات اور پیچیدہ صورتحال سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے۔

اس کے لیے مریض کو اسپیکر سے دو فٹ سے کم دوری پر بٹھایا جاتا ہے اور حساس اسپیکر کمرے میں ایسی آواز بکھیرتا ہے جسے سنا نہیں جاسکتا۔ یہ آواز مریض کے دل اور سینے سے ٹکرا کر واپس لوٹتی ہے اور بتاتی ہے کہ دل کی دھڑکن کیسی ہے اور دو دھڑکنوں کے درمیان وقفہ برابر ہے یا تبدیل ہورہا ہے۔ اس طرح سے بہت درستگی سے دل کی دھڑکن کا تفصیلی احوال سامنے آجاتا ہے۔

ابتدائی آزمائش میں اسے دل کے 24 مریضوں اور 26 تندرست افراد پرآزمایا گیا تو اس کے بہت اچھے نتائج برآمد ہوئے۔ اس نظام نے 12300 دھڑکنوں کو نوٹ کیا اور دھڑکن کے درمیان 28 ملی سیکنڈ کے فرق کو بھی کامیابی سے نوٹ کیا ۔ اگلے مرحلے میں اس نظام کو مزید بہتر بنایا جائے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button