سبز چائے، بڑھاپا بھی بھگائے
جاپان: سبز چائے کے متعلق ایک اور خاصیت سامنے آئی ہے جس کے مطابق اس نے چوہوں کی عمر میں اضافہ کیا اور ان میں عمررسیدگی کو روکنے میں بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
ایجنگ یوایس نامی سائنسی جریدے میں ایک تحقیقی رپورٹ شائع ہوئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ سبزچائے میں قدرتی فینول اور اینٹی آکسیڈنٹ پایا جاتا ہے جس سے چوہوں کی پھرتی، چستی اور عمرمیں اضافہ دیکھا گیا ہے۔ اس کیمیکل کو کیٹچن کا نام دیا گیا ہے۔
مذکورہ بالا جزو مائٹوکونڈریائی تنفس کو بہتر کرتا ہے، چربی گھلاتا ہے اور زندگی پر مثبت اثر ڈالتا ہے۔ اس طرح کیٹچن کے مسلسل استعمال سے بلڈ پریشن بہتر رہتا ہے، وزن کم ہوتا ہے، اور ذیابیطس (ٹائپ ٹو) میں کمی واقع ہوسکتی ہے۔
سبزچائے میں پولی فینول نامی جادوئی اجزا پائے جاتے ہیں جن میں ایپی گیلوکیٹچن گیلٹ، ایپی کیٹچن گیلٹ، ایپی کیٹچن اور دیگر شامل ہیں جو مشترکہ طور پر ٹھوس سفوف میں 30 سے 42 فیصد مقدار میں موجود ہوتے ہیں۔
تاہم تحقیق یہ بتاتی ہے کہ پیچیدہ انسانی جسم میں جانے کے بعد بعض اقسام کے پولی فینولز کی تاثیر بہت ہی کم رہ جاتی ہے۔ انسانوں میں فوائد کے لیے ضروری ہے کہ اسے جگر کے پیچیدہ ہاضمے والے عمل سے محفوظ رکھا جائے تاکہ یہ جسم میں شامل ہوسکے اور اس ضمن میں مزید تحقیق کی جارہی ہے۔
لیکن ماہرین کا اصرار ہے کہ اس کے باوجود سبز چائے کے حیرت انگیز مفید اثرات سے انکار نہیں کیا جاسکتا۔