بھارتی وزیر کے خواتین کی جینز سے متعلق متنازع بیان پر جیا بچن بھی برہم

ممبئی: بھارتی ریاست اترکھنڈ کے وزیراعلیٰ تراٹھ سنگھ راوت کے خواتین کی جینز سے متعلق متنازع بیان پر بھارتی اداکارہ اور راجیا سبھا کی ممبر جیا بچن نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا ہے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق چند روز قبل اتراکھنڈ کے وزیراعلیٰ نے خواتین سے متعلق متنازع بیان دیتے ہوئے کہا تھا کہ خواتین کا پھٹی ہوئی جینز پہننا سماجی تباہی کا باعث ہے اگر خواتین پھٹی ہوئی جینز پہنیں گی تو اس کا معاشرے پر اور بچوں پر کیا اثر پڑے گا یہ کوئی اچھی مثال نہیں۔

بھارتی وزیر کے اس بیان نے بھارت میں ہلچل مچادی ہے اور ان کے اس بیان کے خلاف متعدد آوازیں اٹھ رہی ہیں۔ حال ہی میں بھارتی اداکارہ اور سیاستدان جیا بچن نے اس متنازع بیان کی وجہ سے بھارتی وزیر کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا ہے ’’لوگوں کی یہی ذہنیت خواتین کے خلاف جرائم کو بڑھاوا دیتی ہے۔‘‘ اس طرح کے بیانات دینا کسی وزیراعلیٰ کو زیب نہیں دیتا۔ اعلیٰ عہدوں پر تعینات لوگوں کو عوامی بیانات دینے سے پہلے سوچنا چاہئے۔ آپ آج کے دور میں ایسی باتیں کررہے ہیں۔ کیا آپ کپڑوں کی بنیاد پر فیصلہ کریں کریں گے کہ کون مہذب ہے اور کون نہیں؟

واضح رہے کہ گزشتہ روز جیا بچن کی نواسی نویا نے بھی وزیراعلیٰ اتراکھنڈ کے بیان پر غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا ہمارے کپڑے بدلنے سے پہلے اپنی ذہنیت بدلو۔ نویا نے سوشل میڈیا پر پھٹی ہوئی جینز پہن کر تصویر بھی شیئر کی تھی اور کہا تھا کہ میں فخر کے ساتھ پھٹی ہوئی جینز پہنوں گی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button