پاکستان شوبز انڈسٹری میں بہت زیادہ منافق لوگ ہیں، متھیرا

کراچی: اداکارہ متھیرا نے پاکستان شوبز انڈسٹری سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو منافق قرارد یا ہے۔

اداکارہ، ماڈل اور وی جے متھیرا بے باک انداز اور سچ باتیں بولنے کے لیے مشہور ہیں۔ حال ہی میں متھیرا نجی ٹی وی چینل کے شو’’جی سرکار‘‘ میں شریک ہوئیں جس کے میزبان اداکار نعمان اعجاز ہیں۔ متھیرا نے شو میں پاکستان شوبز انڈسٹری میں موجود لوگوں کے رویوں اور ایوارڈ شوز کے بارے میں بات کی۔

متھیرا نے کہا انہوں نے زندگی میں اتنی سختیاں دیکھی اور اتنی ٹھوکریں کھائی ہیں کہ اب انہیں کسی چیز کا خوف نہیں رہا اور وہ کسی کے بھی سامنے سچ بات کہنے سے گھبراتی نہیں ہیں۔ بلکہ جو شخص ان سے جس طرح بات کرتا ہے وہ اسی طرح اسے جواب دیتی ہیں۔ متھیرا نے کہا خوف صرف خدا کا ہوتا ہے انسان سے کیا خوف۔

متھیرا نے پاکستان شوبز انڈسٹری کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا یہاں بہت سارے لوگ ہوتے ہیں جو آپ کے سامنے بہت اچھے بنتے ہیں لیکن پیٹھ پیچھے آپ کے بارے میں عجیب باتیں کرتے ہیں۔ اسی طرح ایوارڈ شوز میں بھی لوگ آپ کے منہ پر آپ کی تعریفیں کرتے ہیں لیکن پیچھے مڑتے ہی ان کے رویے بدل جاتے ہیں۔ ایوارڈ شوز کا ماحول بہت زہریلا ہوتا ہے لہذا وہاں جانے سے بہتر ہے کہ انسان گھر بیٹھے اور ان چیزوں کو نظر انداز کرے۔

اداکارہ متھیرا نے مزید بتایا کہ جب وہ اس فیلڈ میں نئی نئی آئی تھیں اس وقت انہیں لگتا تھا کہ لوگوں کو اپنی موجودگی کا احساس دلانے کے لیے ایوارڈ شوز میں جانا چاہئے۔ لیکن جیسے جیسے وہ سمجھدار ہوتی گئیں اب انہیں لگتا ہے کہ وہ لوگ جو دوسروں کو اپنی موجودگی کا احساس دلاتے ہیں وہ کٹھ پتلی ہوتے ہیں۔ اگر آپ کو شہرت ملنی ہوگی تو آپ کو گھر بیٹھے بھی مل جائے گی۔ اسلیے آپ کو لوگوں کے درمیان رہنے، لوگوں کے سامنے جی جی کرنے یا ایوارڈ شو میں جانے کی ضرورت نہیں ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button