منال خان احسن محسن کی شادی؛ ایمن خان فرط جذبات سے روپڑیں، ویڈیو وائرل
کراچی: اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام گزشتہ روز شادی کے بندھن میں بندھ گئے دونوں کی شادی کے خوبصورت لمحات کی تصاویر اور ویڈیوز سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
اداکارہ منال خان اور احسن محسن اکرام شادی کے بندھن میں بندھ گئے۔ دونوں کی شادی میں اداکارہ صبور علی، علی انصاری، کنزیٰ ہاشمی، اقرا عزیز، یاسر حسین، فہد شیخ، اریبہ حبیب، آمنہ الیاس، ندا اور یاسر نواز سمیت متعدد فنکاروں نے شرکت کرکے تقریب کو چار چاند لگائے۔
منال خان سرخ رنگ کے روایتی عروسی لباس میں نہایت خوبصورت نظر آئیں جب کہ احسن محسن اکرام بھی اس موقع پر بے حد خوش نظر آرہے تھے۔
اداکارہ ایمن خان بھی اپنی بہن کی شادی میں بہت خوبصورت لگ رہی تھیں۔ انہوں نے نکاح کی تقریب کے لیے نارنجی اور سنہرے کام والا انتہائی خوبصورت جوڑا زیب تن کیا تھا۔ جب کہ ان کے شوہر اداکار منیب بٹ سفید لباس میں نظرآئے۔
منال خان اپنی شادی کی تمام تقاریب سے بے حد لطف اندوز ہوئیں۔ انہوں نے تمام تقاریب کو بے حد انجوائے کیا اورکہیں بھی وہ مشرقی دلہنوں کی طرح شرمائی نہیں۔
نکاح کے موقع پر منال خان کی بہن اداکارہ ایمن خان جذباتی ہوگئیں اور روپڑیں۔ ایمن خان کی رونے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔ جس میں ان کی آنکھوں میں آنسو لیکن چہرے پر خوشی کو واضح طور پر دیکھا جاسکتا ہے۔
دلچسپ بات یہ ہے کہ جہاں ایمن خان اپنی بہن کی رخصتی کا سوچ کر جذباتی ہوگئیں اور روپڑیں وہیں منال خان اپنی رخصتی کے وقت بے حد خوش نظرآئیں۔
دونوں کے نکاح، اور روایتی رسومات جیسے جوتا چھپائی اور دودھ پلائی کی رسومات وغیرہ کی ویڈیوز بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہیں۔
منال خان اور احسن محسن اکرام کو ساتھی فنکاروں کے علاوہ ان کے مداح اور چاہنے والے سوشل میڈیا پر نئی زندگی کی شروعات کرنے پر مبارکباد دیتے ہوئے دونوں کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کررہے ہیں۔