پی ایس ایل6 کو ری شیڈول کرنے میں مشکلات
کراچی: پی ایس ایل6 کو ری شیڈول کرنے میں مشکلات سامنے آنے لگیں جب کہ جون میں شدید گرمی کرکٹرز کا امتحان لے گی۔
پی ایس ایل6کو کورونا کیسز کی وجہ سے 14میچز کے بعد ہی ملتوی کر دیا گیا تھا، پی سی بی اب بقیہ 20میچز کیلیے نئی ونڈو کی تلاش میں ہے، اس حوالے سے فرنچائزز کے ساتھ ابتدائی مشاورت ہوگئی، رواں ہفتے ہی ایک اور میٹنگ میں تاریخیں فائنل کر لی جائیں گی۔
ذرائع کے مطابق ایونٹ کو ری شیڈول کرنے میں بورڈ کو کئی مشکلات درپیش ہیں،جون میں انعقادکی صورت میں کرکٹرزگرم موسم سے شدید متاثر ہوں گے،ڈبل ہیڈر کی وجہ سے پہلا مقابلہ دن کی روشنی میں کرانا بھی ضروری ہے،30مئی کوآئی پی ایل کے اختتام پرغیرملکی کرکٹرز تھکاوٹ کا بھی شکار ہو چکے ہوں گے۔
9 جون سے انگلش ٹی ٹوئنٹی بلاسٹ شروع ہونا ہے جس سے قبل پلیئرز کو قرنطینہ بھی کرنا ہوگا، اس صورت میں انگلینڈ کے کرکٹرز تو پی ایس ایل کیلیے نہیں آ سکیں گے، فرنچائزز جلد از جلد مقابلوں کا انعقاد چاہتی ہیں البتہ معاملہ ستمبر تک جاتا دکھائی دے رہا ہے، نومبر میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے بعد بھی ونڈو مل سکے گی، فرنچائزز اور بورڈ کی میٹنگ میں رواں ماہ کے آخر میں میچز کے انعقاد کی بھی تجویز پر بات ہوئی تھی، البتہ اس کیلیے قومی ٹیم کا دورئہ جنوبی افریقہ موخر کرنا پڑے گا۔
پی سی بی ذرائع کے مطابق انٹرنیشنل میچز کو ملتوی کرنے سے اچھا تاثر نہیں جائے گا، جنوبی افریقی بورڈ سے تعلقات بھی خراب ہو جائیں گے،اب تو روانگی کیلیے چارٹرڈ فلائٹ تک کی بکنگ ہوچکی،ٹور کے التوا کا کوئی امکان نہیں لگتا۔