عمران خان کا ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان، وکلا سے بھی نکلنے کی اپیل
لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے ہفتے سے تحریک شروع کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ جو آپ کو دھمکیاں دے اُسے واپس دھمکی دے کر بتاؤ کہ آئین نے مجھے آزادی اظہار رائے کا حق دیا ہے۔
لاہور میں وکلا کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے وکیلوں سے کہا کہ آپ کو اس ملک میں قانون اور حکمرانی کے لیے کھڑا ہونا ہے، مجھے اپنے ملک کے لیے وکلا برادری کی ضرورت ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جب میں لانگ مارچ کی کال دوں گا تو قوم کے ساتھ آپ وکلا کو بھی نکلنا ہوگا، ہم مل کر اس ملک میں قانون کی حکمرانی قائم کریں گے اور پاکستان کو حقیقی آزادی دلوائیں گے۔
عمران خان نے کہا کہ جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ تباہ ہوجاتا ہے، جب سے بیرونی سازش کر کے یہ اقتدار میں آئے ملک کا بیڑہ غرق ہوچکا ہے، ہم ایسے لوگوں کو اقتدار میں لاکر اپنی نوجوان نسل کو پیغام دے رہے ہیں کہ بڑا ڈاکا مارو کیونکہ یہاں چھوٹا چور پکڑا جاتا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ انہوں نے اپنے نیب کے کرپشن کیسز ختم کروادیے، ایجنسیاں جن کا کام قانون کی حکمرانی کروانا ہے وہی قانون توڑ رہی ہیں، اس ملک میں طاقتور سب کرسکتا ہے۔
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ جس ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہاں پھر بیرون ملک سے پیسے آتا ہے اور اپنے ملک کا کوئی نظریہ نہیں ہوتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ جب سے یہ امپورٹڈ حکومت آئی ہے یہ پاکستان کو سری لنکا کی طرف لے کر جارہے ہیں، پچاس سال تاریخ میں ایسا نہیں ہوا، ملک ایک بڑی سوشل ان رسک کی طرف جا رہا ہے۔
عمران خان نے کہا کہ ہم اس پاکستان کو دلدل سے نکالیں گے تو ملک میں قانون کی بالادستی کی ضرورت ہے، جب تک قانون کا نظام ٹھیک نہیں ہوگا معیشت درست نہیں ہوگی ، امیر اور غریب ملکوں میں قانون کی حکمرانی کا فرق ہے، غریب ممالک میں قانون تو ہے مگر انصاف نہیں جبکہ امیر ممالک میں قانون کی ہی حکمرانی ہے، جس معاشرے میں قانون کی حکمرانی نہیں ہوتی وہ تباہ ہوتا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کے چیرمین عمران خان کا حکومت کے خلاف بڑا اعلان
چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ آئندہ جمعے کو ملک بھر میں مہنگائی کے خلاف ریلیاں نکالی جائیں گئیں، امپورٹڈ حکومت کی عوام دشمن معاشی پالیسیوں کے خلاف ریلیوں کے زریعے عوام سے اظہار یکجہتی کیا جائے گا۔
پی ٹی آئی کے ترجمان کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق ہفتے کو چیرمین تحریک انصاف عمران خان رحیم یار خان میں جلسے سے خطاب کریں گے۔ ملک بھر میں چیرمین تحریک انصاف کے جلسے کو مختلف مقامات پر دکھایا جائے گا۔