جمہوریت کے فروغ کے لیے سب کو مل کر چلنا ہوگا، شہباز شریف
کراچی: مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے سب کو مل کر چلنا ہوگا۔
کراچی میں بلوچ قوم پرست رہنما عطا اللہ مینگل کے انتقال پر ان کے بیٹے سردار اختر جان مینگل سے تعزیت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ عطا اللہ مینگل کو تاریخ سنہرے الفاظ میں یاد رکھے گی، 58 (2) بی کے تحت کئی جمہوری حکومتوں کا بستر گول کیا گیا، اس شق کے خاتمے میں عطاء اللہ مینگل کا اہم کردار تھا۔
شہباز شریف نے کہا کہ جمہوریت کے فروغ کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا، قائد اعظم کے خوابوں کی تعبیر کے لیے تمام صوبوں کو ساتھ لے کر چلنا ہوگا، تمام صوبوں کے عوام کا احترام اورعوام تک وسائل پہنچانے ہوں گے۔