تمام امتحانات 15 جون، اے اوراو لیول کے امتحانات 6 ماہ کیلیے ملتوی

اسلام آباد: وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے اے اور او لیول کے امتحانات چھے ماہ کے لیے ملتوی کردیے ہیں۔

این سی او سی کے ہنگامی اجلاس میں بذریعہ ویڈیو لنک شرکت کرنے والے وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود، معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان اوردیگر صوبائی وزرا نے کورونا کی صورت حال اور کیمبرج امتحانات سمیت ملک بھر میں میٹرک، انٹرمیڈیٹ امتحانات پر تبادلہ خیال کیا۔ وفاقی وزیر تعلیم نے کہا کہ کیمبرج کے امتحانی مراکز کے باہر ایس او پیز کی خلاف ورزیوں سے معاملات خراب ہو سکتے ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ مئی میں کورونا کے کیسز مزید بڑھ سکتے ہیں، مشکل وقت میں کوئی بھی فیصلہ آسان نہیں ہوتا، کورونا کی صورت حال کو دیکھتے ہوئے تمام امتحانات 15 جون تک منسوخ کردیے گئے ہیں۔
ملک بھر کے امتحانی بورڈزکے امتحانات بھی 15 جون کے بعد ہی ہوں گے جب کہ مئی کے آخر میں شروع ہونے والے نویں سے 12ویں جماعت کے امتحانات کو مزید ملتوی کردیا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ملتوی شدہ اےاوراولیول کےامتحانات اکتوبرمیں ہونگے، تاہم مئی کےتیسرےہفتےمیں حالات کادوبارہ جائزہ لیں گے۔ بیرون ملک کی جامعات میں داخلہ لینےوالوں کے لیے کیمبرج اے ٹو کےامتحانات چلتےرہیں گے۔

این سی او سی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ کیمبرج اے ٹو کے ایسے بچے جو ستمبر سے آگے امتحان نہیں دے سکتے، تو ان کی سہولت کے لیے متفقہ طور پر فیصلہ کیا گیا کہ ان کو جاری کردہ ڈیٹ شیٹ کے مطابق امتحان دینے کی سہولت فراہم کی جائے تاکہ ان کا سال ضائع نہ ہو، جہاں بھی امتحان ہوں گے وہاں 50 سے زائد بچے نہیں ہوں گے اور امتحانی مراکز کے باہر قانون نافذ کرنے والے ادارے تعینات کیے جائیں گے تاکہ مجمع اکٹھا نہ ہو۔

ذرائع کے مطابق وزرائے تعلیم نے اسکول گریڈز پر کیمبرج امتحانات میں بچوں کو اگلی کلاسز میں پروموٹ کرنے کی تجویز کی سخت مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ امتحانات کے بغیر کسی صورت بچوں کو پاس نہیں کیا جائے۔

وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ اے اور او لیول کے 85 ہزار بچوں کو مختلف دنوں میں امتحانات دینے تھے، اس میں سے اب یہ تعداد 21 ہزار رہ جائے گی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button