موبائل کےغلط استعمال کی وجہ سے جنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے، وزیراعظم
لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ موبائل کےغلط استعمال کی وجہ سے جنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے۔
لاہور میں ایجوکیشن کنونشن سے خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ بدقسمتی سے ماضی نے تعلیم پر کسی نے زور ہی نہیں دیا، ماضی کی کسی حکومت نے نہیں سوچا کے مستقبل کا کیا بنے گا، ماضی میں ڈیم بنانے اور بہتر گورننس سسٹم پر بھی توجہ نہیں دی گئی، ماضی میں یکساں نصاب لایا جانا چاہیے تھا لیکن ایسا نہیں کیا گیا، ، سابق حکومتیں چھوٹے کاموں کی بھی بہت تشہیر کیا کرتا تھیں، وہ کام کم اور شور زیادہ کیا کرتی تھیں، ہمیشہ سوچتا ہوں آپ وہ کام کر رہے ہیں جوکوئی صوبہ نہیں کر رہا، پنجاب میں موجود حکومت نے وہ کیے ہیں جو کسی نے نہیں کیے، عثمان بزدار اچھے کام کررہے ہیں لیکن لوگوں کوپتہ ہی نہیں چلتا، وہ اچھے کاموں میں اپنا نام لانا ہی نہیں چاہتے، عثمان بزدار خاموشی سے کام اور لوگ تنقید کرتے رہتے ہیں۔
وزیر اعظم نے کہا کہ جب ہم آزاد ہوئے تھے تو ہمیں سب سے زیادہ تعلیم پر توجہ دینا چاہیے تھی، دنیا میں جن قوموں نے ترقی کی ہے وہاں یکساں نظام تعلیم ہے، مغرب تعلیم میں ہم سے آگے نکل گیا ہے، انگریزوں نے ایک خاص کلاس بنانے کے لئےمختلف نظام تعلیم رائج کیے، جب میں باہر گیا تو مجھے محسوس ہوا کہ مجھے اپنے کلچر اور دین سے دور کیا گیا، انگریزوں کاسسٹم تبدیل کرنےکی بجائے ہم نے انہیں مزید بڑھایا، ملک میں ایک چھوٹے سے طبقے کے لئے انگلش میڈیم ہے اور باقی لوگوں کے لئے اردو میڈیم ہے، انگلش میڈیم سسٹم ذہنی غلامی لایا، انگلش میڈیم سسٹم نے ہمیں مغربی کلچر کاغلام بنادیا۔
وزیر اعظم نے کہا کہ مینار پاکستان میں جو ہوا اس سے تکلیف ہوئی، جو حرکتیں ہورہی ہیں یہ ہمارے کلچر اور دین کا حصہ نہیں ہے، ماضی میں ملک میں خواتین کی جو عزت و تکریم کی جاتی تھی ایسی دنیا میں کہیں نہیں تھی، مغرب میں عورت کی اتنی عزت نہیں جو ہم یہاں کرتے تھے، ہم جو تباہی دیکھ رہے ہیں اس کی بڑی وجہ یہ ہے کہ ہمارے بچوں کی صحیح تربیت نہیں ہورہی۔ موبائل کےغلط استعمال کی وجہ سےجنسی جرائم میں اضافہ ہورہا ہے، ہمیں اپنےبچوں کوسیرت النبی ﷺ سے آگاہی دینےکی ضرورت ہے۔
اسمارٹ جنگل کا افتتاح
اس سے قبل شیخوپورہ میں رکھ جھوک اسمارٹ جنگل کے افتتاح کے موقع پر خطاب کے دوران وزیر اعظم نے کہا کہ میں نے ملک میں خود جنگلات کو تباہ ہوتے دیکھا ہے، پاکستان سے جیسے جیسے جنگلات کا خاتمہ ہوا جانور بھی ناپید ہوتے چلے گئے، عالمی حدت پاکستان کو بہت متاثر کررہی ہے، ہمارے گلیشئرز تیزی سے ختم ہورہے ہیں، ہم سیوریج کا پانی دریاؤں میں ڈال رہے ہیں، لاہور میں آلودگی اور سیوریج کے سنگین مسائل کا سامناہے، اس شہر کو تباہ کیا گیا، لاہور میں میٹھا پانی تھا، لوگ نلکوں سے پانی پیتے تھے، لاہور میں ماحولیاتی تبدیلی سے پانی کا لیول نیچے جا رہا ہے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ہمیں اپنے ملک کو سرسبز کرنے کا عزم کرنا ہے اور اپنی نسلوں کے لیے بہتر پاکستان چھوڑنا ہے،ہم نے اپنے 3 سال میں ایک ارب سے زائد پودے لگائے، ہمیں اب 10کروڑ درخت اگانے ہیں، درخت اگانے سے ماحولیات میں بہتری آئے گی، پہلی دفعہ منصوبہ بندی کرکے رکھ جھوک جنگل میں ایک کروڑ درخت لگائیں گے، ملک میں اسمارٹ لاک ڈاوَن پر ہمارا مذاق اڑایا گیا، دنیا نے کورونا سے متعلق ہمارے اقدامات کو سراہا، اسمارٹ لاک ڈاوَن کی پالیسی اب سب اپنا رہے ہیں، اسمارٹ فوریسٹ کی مثال بھی پورے پاکستان میں دی جائے گی۔
وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ ملک میں 10 ڈیمز تعمیر ہوں گے، دریائے راوی پر3 نئے بیراج بنائیں گے، دریائے راوی پر بیراج بنانے سے زیر زمین پانی کی سطح بلند ہوگی، راوی پراجیکٹ لاہور کے لئے پاکستان کے لئے بہت ضروری ہے، پنجاب اسپیڈ شہباز شریف بھی اس منصوبے کو نہیں بناسکے، لوگوں نے منصوبے کے خلاف اسٹے آرڈر لے لئے، راوی پراجیکٹ کے راستے میں کوئی رکاوٹ نہیں آنی چاہیے۔