پھل سبزیاں کھائیں اور ورزش کرکے خوشیاں بڑھائیں
لندن: سائنسدانوں نے ایک تحقیق کے بعد کہا ہے کہ پھل اور سبزیاں کھانے اور ورزش کو معمول بنانے سے آپ کے اطمینان اور مسرت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
جامعہ کینٹ اور جامعہ ریڈنگ کے مطابق پھلوں اور سبزیوں کا استعمال بڑھانے اور ورزش کی عادت اپنانے سے خوشی میں اضافہ ہوتا ہے۔ لیکن بھرپور فوائد کے لیے ضروری ہے کہ پھلوں اور سبزیوں کو کھانے کے ساتھ ساتھ ورزش کو بھی اپنی عادت میں شامل کیا جائے۔
ڈاکٹرایڈیلینا شواڈٹنر اورڈاکٹر سارہ جویل سمیت کئی ماہرین نے کہا ہے کہ ورزش خود اپنے آپ پر قابو پانا (سیلف کنٹرول) سکھاتی ہے جس سے خود اعتمادی بڑھتی ہے اور مسرت میں اضافہ ہوتا ہے۔ اس طرح مرد ورزش کریں تو ان میں فرحت کا احساس بڑھتا ہے جبکہ خواتین پھل اور سبزیاں کھائیں تو ان کی خوشی کا احساس بڑھتا ہے۔
اس طرح پھل، سبزیوں کا استعمال اور ورزش کی عادت صحت اور مسرت دونوں ہی کے لیے بہت ضروری ہے۔ ورزش سے دورانِ خون بہتر ہوتا ہے اور مسرت کے ذمے دار ہارمون بڑھتے ہیں۔ دوسری جانب پھلوں اور سبزیوں میں موجود کئی جادوئی مرکبات اور کیمیائی اجزا ہمیں صحت اور خوشی فراہم کرتے ہیں۔