پورنو گرافی کیس میں گرفتار شلپا شیٹھی کے شوہر کی ضمانت منظور
ممبئی: پورنو گرافی (فحش فلمیں بنانے) کے الزام میں گرفتار بھارتی اداکارشلپا شیٹھی کے شوہر راج کندرا کو دو ماہ بعد ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔
بھارتی ویب سائٹ بالی وڈ ہنگامہ کے مطابق ممبئی ہائی کوٹ نے 50 ہزار روپے زر ضمانت کے عوض راج کندرہ کو دو ماہ کے عدالتی ریمانڈ کے بعد رہا کرنے کے احکامات جاری کردیے ہیں۔
ممبئی پولیس نے راج کندرا اور ان کے ساتھیوں کے خلاف عدالت میں 15 سو صفحات کی ضمنی چارج شیٹ پیش کی تھی۔ جس کے بعد کندرا نے ممبئی کی عدالت میں ضمانت کی درخواست دائر کی تھی۔ جس میں انہوں نے مؤقف اختیار کیا تھا کہ فحش فلمیں بنانے کے کیس میں پیش کی گئی چارج شیٹ میں میرے خلاف کوئی واضح ثبوت نہیں، کیس کی تحقیقات تقریباً مکمل ہوچکی ہے۔ مجھے اس کیس میں جان بوجھ کر ’بلی کا بکرا‘ بنایا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ ممبئی کرائم برانچ نے دو ماہ قبل 19 جولائی کو فحش فلمیں بنانے اور انہیں موبائل ایپلی کیشز کے ذریعے نشر کرنے کے الزام میں انڈین پینل کورٹ کے انفارمیشن ٹیکنالوجی ایکٹ کے تحت راج کندرا کو گرفتار کیا تھا۔ کرائم برانچ نے ان کے گھر اور دفترسے کمپیوٹر سرورز اور70 فحش فلمیں برآمد کی تھی، جنہیں راج کندرا کے پرسنل اسسٹنٹ امیش کمات نے مختلف پروڈکش ہاؤسز کی مدد سے شوٹ کیا تھا۔