نیب نے مریم نواز کو اراضی کیس کی تفتیش کے لیے بھی طلب کرلیا
لاہور: مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کو نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس کے بعد اراضی منتقلی کیس کی تفتیش کے لیے بھی طلب کرلیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز کے خلاف نیب کیسز کی تحقیقات میں تیزی آگئی ہے اور انہیں 26 مارچ کو جاتی امرا میں 1500 کنال اراضی کی ان کے نام مبینہ غیرقانونی منتقلی کی تحقیقات میں طلب کیا ہے۔ نوٹس میں مریم نواز کو ہدایت کی گئی ہے کہ پیشی کے وقت تمام مطلوبہ ریکارڈ ہمراہ لائیں۔
نیب کا موقف ہے کہ شریف خاندان نے انتظامیہ کی مبینہ ملی بھگت سے 2013 میں جاتی امرا رائیونڈ میں کم و بیش ساڑھے 3 ہزار کنال اراضی حاصل کی، 2015 میں اس وقت کے ڈی سی، ڈی جی ایل ڈی اے اور دیگر کی مبینہ ملی بھگت سے لاہور کا ماسٹر پلان تبدیل کروا کر جاتی امراء میں ہزاروں کنال اراضی کو گرین لینڈ ایریا ڈکلیئر کروایا گیا۔
واضح رہے کہ نیب لاہور نے مریم نواز کو 26 مارچ کو ہی چوہدری شوگر ملز کیس کی تحقیقات میں بھی طلب کر رکھا ہے۔