پیپلزپارٹی کے خلاف بنائے گئے اتحادوں کی پرواہ نہیں، آصف زرداری
کراچی: سابق صدر آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی کے خلاف بنائے گئے اتحادوں کی کوئی پرواہ نہیں ہے۔
اپنے ایک بیان میں پاکستان پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو شہید کا فلسفہ ہمارے لیے مشعل راہ ہے، 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں ساحل سے خیبرپختونخوا تک کامیابی حاصل کریں گے۔
آصف علی زرداری کا بیان اُس وقت سامنے آیا ہے جب سندھ میں مسلم لیگ (ن) جی ڈی اے، ایم کیو ایم اور جے یو آئی کے ساتھ اتحاد بنا کر پیپلزپارٹی کے خلاف الیکشن لڑنے کیلیے اتحاد بنانے جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: پنجاب میں مشکلات کی وجہ سے ن لیگ دیگرصوبوں میں جارہی ہے،بلاول
سندھ میں سیاسی اتحاد کے حوالے سے لیگی قیادت کی ایم کیو ایم قیادت سے ایک ملاقات لاہور جبکہ دوسری کراچی میں متحدہ قومی موومنٹ کے مرکز پر ہوئی تھی۔
واضح رہے کہ عام انتخابات کی تاریخ کا اعلان ہونے کے بعد بالخصوص مسلم لیگ (ن) اور پیپلزپارٹی کے درمیان ایک دوسرے کے خلاف بیان بازیوں کا سلسلہ جاری ہے اور دونوں جماعتوں کے رہنما ایک دوسرے پر تنقید کرتے نظر آرہے ہیں۔
ایک روز قبل مٹھی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو نے مسلم لیگ ن کو ’مہنگائی لیگ‘ قرار دیتے ہوئے دعویٰ کیا تھا کہ پی ٹی آئی کی طرح الیکشن جیتنے کیلیے بند کمروں میں منصوبے اور انتخابات کے نتائج تیار کیے جارہے ہیں، عوام نے پانچ سال ایک سلیکٹڈ کو برداشت کیا اور اب وہ مزید کسی سلیکٹڈ کو برداشت نہیں کریں گے۔