اللہ کا حکم ہے تمام مسلمان متحد ہو کر رہیں، خطبہ حج

مکہ المکرمہ: شیخ یوسف بن محمد سعید نے خطبہ حج میں کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے مسلمانوں کو متحد ہوکر رہنے کا حکم دیا ہے اور فرقہ فرقہ ہونے سے منع فرمایا ہے، تمام مسلمانوں کو چاہیے کہ وہ متحد ہوجائیں۔

یہ بات انہوں نے مسجد نمرہ میں خطبہ حج دیتے ہوئے کہی۔ میدان عرفات میں وقوف عرفہ ادا کرنے کے لیے عازمین حج کی بڑی تعداد موجود ہے۔ 20 لاکھ سے زائد عازمین حج کی سعادت حاصل کرنے کے لیے وہاں موجود ہیں۔

اللہ نے مل جل کر بیٹھنا نجات بنایا اور جدا ہونا عذاب ہے

فضیلت الشیخ یوسف بن محمد نے کہا کہ تمام تعریفیں اللہ کے لیے ہیں جس نے مل جل کر بیٹھنا نجات بنایا اور جدا ہونا عذاب ہے، اللہ نے جڑ کر رہنے کا حکم دیا اور ہر اس چیز سے منع کیا ہے جو تفرقہ ڈالے، وہی امیدوں کا مرکز ہے اور ہم اسی سے ڈرتے ہیں، خدا رحمٰن و رحیم ہے اور میں گواہی دیتا ہوں کہ محمد الرسول اللہ ﷺ اللہ کے رسول اور بندے ہیں جنہوں نے سب کے ساتھ مل کر رہنے اور تعاون کا حکم دیا اور منافرت کو منع کیا۔

اللہ نے رسولؐ کے ذریعے دلوں کو جوڑا اور لوگوں کے احوال کو درست کیا

شیخ یوسف نے کہا کہ اللہ نے اپنے رسول کے ذریعے دلوں کو جوڑا اور لوگوں کے احوال کو درست کیا، ہر نبی نے آکر یہی دعوت دی کہ اللہ کی بندگی کرو، اللہ ایک ہے اور صرف اسی کی عبادت کی جائے، نماز، روزہ، زکوۃ اور بیت اللہ کے حج کا اللہ نے حکم دیا ہے، اللہ تعالیٰ نے نبیؐ کو بھیج کر انسانیت کی اصلاح فرمائی، اللہ کی وحدانیت اور رسول اللہ صلی علیہ وسلم کی رسالت کی گواہی دینا ہی اسلام ہے۔

حکم ہے کہ اختلاف ہو تو قرآن و سنت سے رجوع کریں

انہوں نے کہا کہ اتحاد میں دین و دنیا کے معاملات میں فلاح ہے، مسلمانوں کو آپس میں جڑ کر رہنا ہوگا، حکم ہے کہ اختلاف ہو تو قرآن و سنت سے رجوع کریں۔

اللہ نے والدین، میاں بیوی اور بچوں کے حقوق کو واضح کردیا ہے

شیخ یوسف ںے کہا کہ کسی عربی کو عجمی، کسی گورے کو کسی کالے پر فضیلت حاصل نہیں، حضرت محمدؐ نے فرمایا کہ اگر کسی کو کسی پر فوقیت ہے تو صرف تقویٰ کی بنیاد پر، اچھے اخلاق سے دلوں میں جگہ پیدا ہوتی ہے اس لیے مسلمانوں تقویٰ اختیار کرو، اللہ سے ڈرو اور اصلاح کی کوشش کرو، شرک نہ کرو اور والدین سے حسن سلوک کرو، اللہ نے والدین، میاں بیوی اور بچوں کے حقوق کو واضح کردیا ہے۔

مسلمان گناہ میں تعاون نہ کریں اور اچھائی میں مدد کریں

انہوں نے کہا کہ تمہارے سارے معاملات قیامت والے دن پیش ہوں گے، مسلمان گناہ میں تعاون نہ کریں اور اچھائی میں مدد کریں، شیطان انسانوں کے درمیان فساد پیدا کرتا ہے، تمام مسلمان ایک جسم کی مانند ہیں، حج کے اجتماع کا پیغام ہے مسلمان آپس میں مل جل کر رہیں۔

شیخ یوسف بن محمد سعید نے مزید کہا کہ تیرہ ذالحج تک منیٰ میں قیام کرنا سنت ہے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button