پاکستان کی ساحلی پٹی پر طوفان کا خطرہ ٹل گیا

کراچی: محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ کراچی سمیت پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو سمندری طوفان سے براہِ راست کوئی خطرہ نہیں۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق کراچی میں ممکنہ طوفان کا خطرہ ٹل گیا ہے اور محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ طوفان زورپکڑ رہا ہے لیکن پاکستان کی ساحلی پٹی سے دور ہوکر گزرے گا، جس کے بعد پاکستان میں سمندری طوفان’توکتے‘کاخطرہ کم ہونے لگا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی سمیت پاکستان کے کسی ساحلی علاقے کو سمندری طوفان سے براہِ راست کوئی خطرہ نہیں، لیکن اس کے اثرات ہیٹ ویو اور گرد آلود ہواؤں کی شکل میں سامنے آنے لگے ہیں، سمندری طوفان کا کراچی سے فاصلہ اب 1210 کلومیٹر ہے، اور طوفان کے دور ہونے کے باعث کراچی میں بارش کا امکان کم ہوگیا ہے، اور آئندہ دو روز تک کراچی کا موسم شدید گرم رہ سکتا ہے، جب کہ جنوب مشرقی سندھ میں بارش ہوسکتی ہے،
محکمہ موسمیات نے بتایا ہے کہ بحیرہ عرب میں بننے والا طوفان اگلے چند گھنٹوں میں شدید ترین سمندری طوفان میں تبدیل ہوسکتا ہے، اور سمندری طوفان کے تیور بتارہے ہیں کہ سندھ کے متعدد اضلاع میں 17 سے 20 مئی تک 70 سے 90 کلو میٹر کی رفتار سے گرد آلود ہوائیں چلنے کے ساتھ تیز آندھی اوربارش کا امکان ہے، جب کہ چند روز کے دوران کراچی سمیت سندھ میں طوفانی بارشیں ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق ’توکتے‘ انتہائی شدت کے طوفان کی شکل اختیار کرسکتا ہے، اور اس کا رُخ بتدریج شمال مغرب میں بھارتی گجرات کی جانب رہے گا، اُدھر سمندری طوفان کے اثرات سامنے آنے لگے ہیں اور محکمہ موسمیات کے مطابق کراچی میں جُزوی ہیٹ ویو کا آغاز ہوگیا ہے، شہر میں سمندری ہوائیں چلنا بند ہوگئی ہیں، یہ سمندری ہوائیں 2 سے 3 روز تک بند رہ سکتی ہیں۔البتہ شہر میں گرد آلود ہوائیں چل رہی ہیں ۔

ضلعی انتظامیہ نے ہیٹ ویو سے بچنے کے لئے شہریوں سے احتیاط کرنے، زیادہ سے زیادہ پانی پینے اور بلاوجہ دھوپ میں جانے سے گُریز کرنے کی اپیل کی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button