اللہ کے فضل سے پاکستان کورونا وباء کے بدترین اثرات سے محفوظ رہا، وزیراعظم
اسلام آباد: وزیراعظم کا کہنا ہے کہ اللہ کے فضل سے پاکستان کورونا وباء کے بدترین اثرات سے محفوظ رہا۔
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنی ٹویٹ میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ کورونا وباء کے خلاف ہماری حکمت عملی کو پوری دنیا نے سراہا، اللہ کے فضل سے پاکستان کورونا وباء کے بدترین اثرات سے محفوظ رہا، میں این سی او سی کی ٹیم کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں، جس نے کورونا وباء کے خلاف ہماری حکمت عملی کا مرکزی کردار ادا کیا۔
اس سے قبل وزیراعظم نے اپنی ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان کی بنائی ہوئی الیکٹرانک ووٹنگ مشین کا جائزہ لیا، مشین وزارت سائنس اینڈ ٹیکنالوجی کی جانب سے بنائی گئی، جس کی تیاری پر شبلی فراز اور ان کی ٹیم کو مبارکباد دیتا ہوں، لگتا ہے آئندہ ایسے انتخابات ہوں گے جس کے نتائج تمام امیدوار قبول کریں گے۔
وزیراعظم نے اولمپک میں دوڑ کی ویڈیو ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں چاہتا ہوں کہ پاکستان کے نوجوان ریس دیکھیں اور سبق سیکھیں، اس ویڈیو میں وہ سبق ہے جو کھیلوں نے مجھے سکھایا، آپ تب ہارتے ہیں جب آپ ہار مانتے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم عمران خان کو وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی جانب سے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی کارکردگی پر بریفنگ دی گئی، اور وزیر اعظم نےالیکٹرانک ووٹنگ مشین پر ووٹ ڈالنے کا عملی مظاہرہ کیا،الیکٹرانک ووٹنگ مشین سے نکلنے والا ووٹ ڈالا بھی جا سکے گا۔ وزیر اعظم نے الیکٹرانک ووٹنگ مشین کی تیاری کے لئے وزارت سائنس و ٹیکنالوجی کی کارکردگی کو سراہا۔