وزیراعظم کی محمد بن سلمان سے ملاقات، خطے کی صورتحال پر تبادلہ خیال
ریاض: وزیراعظم عمران خان سعودی عرب پہنچ گئے جہاں انہوں ںے اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلیمان سے الگ الگ ملاقاتیں کیں جن میں خطے کی صورتحال اور دیگر چیلنجز پر غور کیا گیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان تین روزہ سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچ گئے، جہاں جدہ ایئرپورٹ پر ان کا استقبال ولی عہد محمد بن سلمان نے کیا جب کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ پہلے سے سعودی عرب میں موجود ہیں۔
وزیراعظم کے ہمراہ وزیرِ خارجہ شاہ محمود قریشی، وزیرِ داخلہ شیخ رشید احمد بھی تھے۔ وزیراعظم عمران خان اور سعودی ولی عہد شہزادہ محمد سلمان کے درمیان ون آن ون ملاقات ہوئی جس میں پاک سعودی تعلقات، خطے کے امور پر تبادلہ خیال ہوا۔ بعد ازاں وفود کی سطح پر اہم اجلاس منعقد ہوا۔
قبل ازیں پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ نے سعودی ولی عہد محمد بن سلمان اور نائب وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں۔ اس دوران خطے میں امن و امان کی صورتحال اور افغان امن عمل میں پیش رفت پر تبادلہ خیال کیا گیا جب کہ سعودی ولی عہد نے علاقائی امن و استحکام کے لیے پاکستان کی کوششوں کا بھی اعتراف کیا۔
اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان مملکت سعودی عرب کی خودمختاری اورجغرافیائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتا ہے اور حرمین شریفین کے تحفظ کے عزم کی تجدید کرتا ہے۔
سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے کہا کہ سعودی عرب اور پاکستان کے تعلقات بھائی چارے اور باہمی اعتماد پر مبنی ہیں، دونوں اقوام مسلم امہ کی بہتری، امن و استحکام کے لئے اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔