ٹوائلٹ پیپر رول لوٹنے والے ’’مسلح ڈکیتوں‘‘ کو سزا سنا دی گئی
ہانگ کانگ: گزشتہ برس ہانگ کانگ میں اسلحے کے زور پر تقریباً 600 ٹوائلٹ رول لوٹنے والے تین ڈاکوؤں کو مقامی عدالت نے 40 ماہ (3 سال اور 4 مہینے) قید کی سزا سنا دی ہے۔
یاد رہے کہ کووِڈ 19 کی وبا شروع ہونے کے فوراً بعد دنیا بھر کے بیشتر ممالک میں لوگوں نے افراتفری کے عالم میں ٹشو پیپر اور ٹوائلٹ رول کی بڑے پیمانے پر شروع کردی تھی۔
ان دنوں ہانگ کانگ میں ڈکیتی کی ایک دلچسپ واردات مشہور ہوئی کہ جب تین افراد نے چھوٹے خنجروں کے زور پر سپر اسٹور کے ملازم سے تقریباً 600 ٹوائلٹ پیپر رول چھین لیے اور فرار ہوگئے۔
یہ خبر ’’ایکسپریس نیوز‘‘ کی ویب سائٹ پر بھی تفصیلاً شائع ہوئی تھی۔
البتہ ان تینوں افراد کو جلد ہی گرفتار کرلیا گیا اور ان پر ڈکیتی کا مقدمہ بھی چلایا گیا۔
مقدمے کی سماعت میں ان ڈاکوؤں نے مؤقف اختیار کیا کہ یہ ڈکیتی انہوں نے پہلے سے کسی منصوبے یا ارادے کے تحت نہیں کی تھی بلکہ یہ ایک وقتی ہیجان اور خوف کا نتیجہ تھی۔
تاہم گزشتہ روز ہانگ کانگ کی مقامی عدالت نے اس مقدمے کا فیصلہ سناتے ہوئے کہا کہ فروری 2020 میں ہونے والی یہ ڈکیتی ایک باقاعدہ اور منظم منصوبے کے تحت انجام دی گئی تھی جسے کسی بھی طور پر خوف یا وقتی اضطرار کا نتیجہ قرار نہیں دیا جاسکتا۔
’’لہذا، عدالت ان تینوں افراد میں سے ہر ایک کو 40 ماہ قید بامشقت کی سزا سناتی ہے،‘‘ عدالت نے اپنے فیصلے میں کہا۔
واضح رہے کہ میڈیا میں ان تینوں افراد کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی ہے۔