کانگو میں پہاڑ کی کھدائی کے دوران سونا نکلنے پر پورا گاؤں مٹی اٹھانے پہنچ گیا
برازاویلا: کانگو میں ایک پہاڑ کی کھدائی کے دوران نکلنے والی مٹی میں 60 سے 90 فیصد تک سونے کی موجودگی کی خبر پر گاؤں کے رہائشی مٹی جمع کرنے پہنچ گئے۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق افریقی ملک کانگو میں ایک پہاڑ کی کھدائی کے دوران نکالی گئی مٹی میں 60 سے 90 فیصد تک سونے کے ذرات موجود تھے جس پر مزدوروں میں خوشی کی لہر دوڑ گئی۔
پہاڑ سے سونا نکلنے کی خبر سنتے ہی گاؤں کے تمام افراد برتن لے کر سونا جمع کرنے پہنچ گئے۔ اس دوران مختلف گروہوں میں جھگڑا بھی ہوا اور سیکیورٹی اداروں کو مداخلت کرنا پڑی۔
کانگو کے فری لانس صحافی کی جانب سے سوشل میڈیا پر وائرل کی گئی ایک ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ دیہاتیوں کی بڑی تعداد پہاڑ کی مٹی سے سونا جمع کر رہے ہیں۔
ادھر کانگو کے معدنیات کے وزیر نے پہاڑ کی کھدائی روک کر سیکیورٹی اہلکاروں کو تعینات کا حکم جاری کردیا ہے تاہم دیہاتی بڑی مقدار میں سونا پہلے ہی لے جا چکے ہیں۔
واضح رہے کہ افریقی ملک کانگو ہیرے، سونے اور قیمتی دھاتوں سے مالا مال ملک ہے جہاں پہاڑوں سے سونا پہلے بھی نکلتا رہا ہے۔