اس خاتون کی پلکیں 8 انچ لمبی ہیں
بیجنگ: چینی خاتون کی دیدہ زیب اور طویل پلکیں ہر ایک کی توجہ اپنی جانب مبذول کراتی ہیں۔ اب گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے مطابق ان کی بعض پلکیں 8 انچ تک طویل ہیں جن کا وہ بھرپور خیال رکھتی ہیں۔
ان خاتون کا نام یون جیانژیا ہے اور سب سے پہلے انہوں نے جون 2016 میں اپنا ریکارڈ قائم کیا تھا اور اس وقت ان کی پلکوں کی اوسط لمبائی 4.88 انچ تھی۔ جب وہ ڈاکٹروں کے پاس گئی تو بہت غور کے بعد اس کے پلکوں میں غیرمعمولی اضافہ تو نوٹ کیا گیا لیکن ڈاکٹر بہت تحقیق کے باوجود بھی اس کی وجہ بیان کرنے سے قاصرہیں۔
’مجھے 2015 میں پہلی مرتبہ معلوم ہوا کہ میری پلکیں بڑھ رہی ہیں۔ اگرچہ ان کے بڑھنے کی رفتار سست تھی لیکن وہ طویل سے طویل تر ہوتی گئیں۔ میں نے کئی ڈاکٹروں سے اس غیرمعمولی اضافے کی وجہ پوچھی تو وہ اس کی تسلی بخش جواب نہ دے سکے،‘ یو نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کے افسران کو بتایا۔
ڈاکٹروں کے مطابق انہوں نے اس کی جینیاتی وجہ جاننے کی بھی کوشش کی ہے لیکن ان کے خاندان میں کوئی ایسا نہیں جس کی پلکیں اتنی بڑی ہوں، اس لیے وراثتی طبی عوامل کا سوال ہی پیدا نہیں ہوتا۔ ان کی الٹی آنکھ کے اوپر کی پلک کو جب ناپا گیا ہے تو وہ 8 انچ طویل نکلی اور یوں انہوں نے گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کا اعزاز اپنے نام کرلیا ہے۔