سچ، انصاف اور بہادری عام انسان کو عظیم بنا دیتی ہے، وزیراعظم عمران خان

اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ سچ،انصاف اور بہادری عام انسان کو عظیم بنا دیتی ہے۔

جشن آزادی کی مناسبت سے اپنی ٹوئٹ میں وزیر اعظم نے علامہ اقبال کے شعر کا پوسٹ کرتے ہوئے کہا ہے کہ آج کے دن میرا پیغام ملک کے نوجوانوں کے لیے ہے کہ سچ، انصاف اور بہادری عام انسان کو عظیم بنا دیتی ہے۔

اس سے قبل وزیراعظم عمران خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ آج کے دن قومی پرچم لہراتے ہوئے ہمیں ایمان ،اتحاد اور تنظیم کے پختہ عزم کا اعادہ کرنا چاہئے، ہم نے ایک متحد، پرامن اور پرعزم قوم کی حیثیت سے ابھرنے کے لئے اپنی تاریخ کے سفر میں کٹھن چیلنجز عبور کیے ہیں۔ آج بھی اندرون ملک بعض درپیش مسائل کے ساتھ ساتھ خطہ کی بدلتی صورتحال ہمارے اس عزم کا امتحان ہے، ہروقت کی طرح ہم اپنے عزم صمیم کی بدولت ان رکاوٹوں پر قابو پالیں گے اور مضبوط تر قوم کے طور پر ابھریں گے، پاکستان آج اقوام عالم کے مابین سر اٹھا کر کھڑا ہو سکتا ہے، معیشت کی بحالی، کورونا وبا سے نبرد آزما ہونے اور ماحولیاتی تحفظ بارے ہماری پالیسیوں کو دنیا بھر میں پذیرائی ملی ہے۔

دوسری جانب وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت اقتصادی مشاورتی کونسل کااجلاس ہوا جس میں معاشی تبدیلی کے لئے بڑے شعبوں میں حکومتی اصلاحات کا جائزہ لیا گیا، اجلاس کے دوران 14 ترجیحی شعبوں میں اصلاحات کے لئے نشاندہی کی گئی۔

اس موقع پر وزیراعظم نے متعلقہ حکام کو ہدایت کہ حکومت گیس اور معدنیات کے شعبوں پر توجہ مرکوز کررہی ہے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کوسرمایہ کاری کی ترغیب دے رہے ہیں، سرکاری ملکیتی کاروباری اداروں کو بہتر بنائیں، سرمایہ کاروں کو راغب کرنے کے لئے اصلاحات کا عمل تیز کیا جائے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button