ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج سے لڑوانے کی سازش کی جارہی ہے، عمران خان

اسلام آباد: پاکستان تحریک اںصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اب سازش کی جارہی ہے کہ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج سے لڑوایا جائے اور ایسا تاثر دیا جارہا ہے کہ پی ٹی آئی پاک فوج کے خلاف ہے۔

قوم سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ آج بتایا جارہا ہے کہ ہم غدار ہیں اور یہ محب وطن ہیں، فوج اور ہمارے درمیان لڑائی کی سازش کرنے والے وہ ہی ہیں جنہوں نے امپورٹڈ حکومت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان لوگوں کے مفادات ملک سے باہر ہیں، یہ آج ہمیں کہہ رہے ہیں کہ ہم غدار ہیں، آپ ملک کی سب سے بڑی پارٹی کو فوج کے خلاف کھڑا کردیں تو اس سے زیادہ خطرناک بات کوئی نہیں ہوسکتی۔
’فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے‘

انہوں نے مزید کہا کہ فارن فنڈنگ کیس میں کچھ بھی نہیں ہے، کرپٹ پارٹیاں کبھی فنڈ ریزنگ نیہں کرسکتیں، ضمنی الیکشن میں انہوں نے بھرپور دھاندلی کی پھر بھی ان کے تمام منصوبے فیل ہوگئے۔

سابق وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ ساری تفصیلات الیکشن کمیشن میں دی ہیں لیکن پھر بھی نزلہ ہم پر گررہا ہے، لوگوں نے ہمیں پیسے دیے ہمارے پاس آڈٹ بک موجود ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہمیں اگلے الیکشن نہیں ہراسکتے اس لیے یہ ٹیکنیکل ناک آؤٹ کی کوشش کررہے ہیں۔

’توشہ خانہ سے جو کچھ لیا ہے قانون کے مطابق لیا‘

عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ سے جو کچھ لیا ہے قانون کے مطابق لیا ہے، ممنوعہ فنڈنگ اور توشہ خانہ کیس میں یہ لوگ مجھے نااہل کرنے کی کوشش کررہے ہیں، اب یہ میری کردار کشی کی مہم چلائیں گے جبکہ میرا مؤقف چلانے والوں کو بند کرنا شروع کردیا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ اب یہ یوٹیوبر اور سوشل میڈیا کی طرف آئیں گے۔

’رجیم چینج کی سازش اب بھی جاری ہے‘

ان کا کہنا تھا کہ بھارت کو بڑی تکلیف تھی کہ عمران خان اور فوج ایک ہی پیج پر ہیں اور نئی دہلی نے ہمیں بدنام کرنے کے لیے ڈس انفولیب قائم کی لیکن ہمارے سوشل میدیا کے جوانوں نے ڈس انفولیب کو بے نقاب کیا۔

عمران خان نے کہا کہ رجیم چینج کی سازش اب بھی جاری ہے، ہماری حکومت گرانے کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئی۔ انہوں نے مزید کہا کہ میر جعفر اور میر صادق نے مل کر بیرونی سازش سے میری حکومت گرائی۔

چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ ہماری حکومت گرانے کے بعد بھارت میں خوشیاں منائی گئی، ایسی خوشیاں منائی گئیں جیسے کوئی بھارت سے پاکستان کا وزیر اعظم بن گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button