دنیا کا شفاف ترین ’’آسمانی‘‘ سوئمنگ پول

لندن: بابل کے ’’معلق باغات‘‘ ایک زمانے سے مشہور ہیں لیکن اب لندن والے بھی دنیا کا شفاف ترین ’’آسمانی سوئمنگ پُول‘‘ تیار کرچکے ہیں جس کے آرپار دیکھا جاسکتا ہے۔

’’اسکائی پول‘‘ نام کا یہ سوئمنگ پول خاص طرح کے مضبوط اور شفاف پلاسٹک سے تیار کیا گیا ہے جبکہ یہ لندن کے ’’نائن ایلمز‘‘ بزنس ڈسٹرکٹ میں دو عمارتوں کے درمیان 115 فٹ اونچائی پر قائم ہے۔

اس میں تیرنے والا فرد نہ صرف نیچے سڑک پر آنے جانے والوں کو دکھائی دے گا بلکہ وہ خود بھی تیرتے دوران ’’لندن آئی‘‘ سمیت، شہر کے خوبصورت نظاروں سے لطف اندوز ہوسکے گا۔

سوئمنگ پول کی لمبائی 82 فٹ ہے جبکہ اس میں ایک لاکھ 48 ہزار گیلن پانی کی گنجائش ہے۔

دلچسپی کی بات یہ ہے کہ اسکائی پول کی شفاف دیواروں اور فرش کو پہلے امریکی ریاست کولوراڈو کے ایک کارخانے میں بڑے بڑے ٹکڑوں کی شکل میں تیار کیا گیا، جنہیں بعد ازاں ہزاروں میل دور پہنچانے کے بعد، پوری احتیاط سے اس طرح جوڑا گیا کہ ’’آسمانی سوئمنگ پول‘‘ بن گیا۔

فی الحال سوشل میڈیا پر اسکائی پول کی ’’مشہوری‘‘ کی جارہی ہے تاکہ 19 مئی کے روز جب اس کا افتتاح ہو تو خطیر معاوضے پر شائقین کی بڑی تعداد یہاں نہانے کےلیے ’’ایڈوانس بکنگ‘‘ کروا لے۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button