ملک بھر میں کورونا پابندیوں میں 17 مئی تک توسیع، نوٹی فکیشن جاری

اسلام آباد: این سی او سی نے کورونا پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے افطاری کے بعد بازار کھولنے، دفاتر میں مکمل عملہ بلانے کی پابندیوں میں 17 مئی تک توسیع کردی جبکہ ریسٹورنٹ کی ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ پر بھی پابندی عائد کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت قومی رابطہ کمیٹی (این سی سی) کا اجلاس ہوا جس کے بعد این سی او سی نے این سی سی کے فیصلوں سے متعلق نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

نوٹی فکیشن کے ذریعے ملک بھر میں کورونا ایس او پیز کو مزید سخت کرتے ہوئے دفاتر میں مکمل عملہ بلانے، ریسٹورنٹ کی ان ڈور اور آؤٹ ڈائننگ، افطاری کے بعد بازار کھولنے پر 17 مئی تک پابندی عائد کردی گئی ہے۔
یہ پڑھیں : وزیراعظم نے کورونا ایس او پیز پر عملدرآمد کے لئے فوج طلب کرلی

نویں اور دسویں کلاسز بند رہیں گی
نوٹی فکیشن کے مطابق میڈیکل اسٹورز، پیٹرول پمپس، ویکسی نیشن سینٹرز پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے، پانچ فی صد سے زائد کورونا مثبت کیسز کے اضلاع میں اسکول مکمل طور پر بند ہوں گے، نویں اور دسویں کی کلاسز بھی مکمل بند رہیں گی۔

افطار کے بعد بازار بند، کھانے پر پابندی

شام چھے بجے سے سحری تک ہر قسم کی سرگرمیوں پر مکمل پابندی ہوگی، کورونا ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 کا نفاذ کیا جائے گا، ملک بھر میں ان ڈور اور آوٹ ڈور ڈائننگ پر مکمل پابندی ہوگی تاہم ٹیک وے کی اجازت ہوگی، ملک بھر میں تمام ان ڈور جیمز بند رہیں گے۔

دفاتر کے اوقات، 50 فیصد حاضری

سرکاری اور نجی دفاتر کے اوقات کار صبح 9 سے دن 2 بجے تک ہوں گے، دفاتر میں 50 فی صد عملہ بلانے کی پالیسی پر عمل درآمد کیا جائے گا۔

دو دن کاروبار کی بندش

نوٹی فکیشن کے مطابق ہفتے میں دو دن کلوز ڈے ہوں گے اس ضمن میں بندش والے دو دن کا انتخاب وفاق کی اکائیوں (صوبوں) پر منحصر ہوگا۔ پیٹرول پمپ، میڈیکل اسٹورز، ویکیسی نیشن سینٹرز، پولٹری، سبزیوں اور پرچون کی دکان کو بندش والے دنوں میں بھی استثنیٰ حاصل ہوگا۔ کلوز ڈے والے دن ایس او پیز پر سختی سے عمل درآمد کے لیے دفعہ 144 کا نافذ کیا جائے گا۔

پابندیاں 17 مئی تک برقرار

نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ تمام صوبے سیاحتی پروٹول پر سختی سے عمل درآمد کریں گے، متعلقہ ادارے جلد از جلد پابندیوں پر عمل درآمد کا نوٹی فکیشن جاری کریں، ایس او پیز پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا، پابندیاں 17 مئی تک برقرار رہیں گی بعدازاں پابندیوں کے حوالے سے 11 مئی کو این سی او سی کا اجلاس ہوگا جس میں آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button