تین دہائی پرانے گیم تاما گوچی کی واپسی

شمالی جاپان: سال 1990ء کےعشرے میں گیم اینڈ واچ طرز کے مجازی پالتو ’ورچول پیٹ‘ تاما گوچی بہت مقبول ہوئے تھے۔ اب 30 برس کے بعد دوبارہ اس کا ظہور ہوا ہے اور اس میں کیمرے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

تاماگوچی میں ایک ڈجیٹل پالتو جانور دکھائی دیتا ہے۔ اسے کی چین سے باندھ کر جیب میں رکھا جاسکتا تھا۔ پھر پروگرام کے مطابق اس جانور کو مجازی طور پر کھانا، پانی اور وقت دیا جانا ضروری تھا ورنہ عدم توجہی سے جانور بدحال اور موت کے منہ تک چلا جاتا تھا۔

امریکا کے مقابلے میں جاپان میں تاماگوچی بہت مقبول ہوئے اور اب تک کسی نہ کسی صورت میں لوگ اس ڈجیٹل پالتو جانور سے محظوظ ہوتے رہے تھے۔ اب کی بار تاماگوچی پِکس کا سائز تھوڑا بڑا رکھا گیا ہے اور اس میں ایک کیمرے کا اضافہ کیا گیا ہے۔

اسے بنانے والی پرانی کمپنی بینڈائی امریکا نے اسے دوبارہ پیش کیا ہے۔ اس میں تین بٹن ہیں اور یہ روایتی انڈے کی ہی شکل کا ہے اور اندر ایک مجازی جانور رہتا ہے۔ یہ جانور اپنی حیات کے مختلف مراحل سے گزرتا ہے اورآپ کو اس پر توجہ کرنا ہوتی ہے۔ انڈے سے نکلنے کے بعد آپ اسے کھانا کھلاتے ہیں اور اس کے ساتھ کھیلتے ہیں۔

لیکن اس بار یہ بلیک اینڈ وائٹ نہیں بلکہ مکمل طور پر رنگین بنایا گیا ہے۔ اس میں کیمرا نصب ہے جس کی بدولت آپ اپنے پالتو کے ساتھ تصویر لے سکتے ہیں۔ اس کے ساتھ آپ کھانا پکاتے ہوئے یا پینٹنگ کرتے ہوئے اس کی تربیت اور افزائش بھی کرسکتے ہیں۔

ایکسپلور موڈ میں تاماگوچی کے دوسرے دوست بھی نمودار ہوتے ہیں جو مجازی جانور ہی ہیں اور آپ کا پالتو ان کے ساتھ کھیلتا ہے اور خوش رہتا ہے۔ تاما کوڈ کی بدولت اب اپنے دوستوں کے آلات سے بھی جڑا جاسکتا ہے اور اس کے لیے وائی فائی درکار نہیں ہوتا۔

2019ء میں اسے شمالی امریکا کی مارکیٹ میں پیش کیا گیا جہاں یہ بہت مقبول ہوا۔ اب اس میں مزید جدت لاکر اسے دیگر مارکیٹوں تک فروخت کیا جارہا ہے۔ گزشتہ 25 برس میں آٹھ کروڑ 20 لاکھ تاماگوچی فروخت کیے جاچکے ہیں۔ سب سے پہلے 1996ء میں یہ جاپان میں نمودار ہوا اور پھر امریکا میں فروخت کیا گیا۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button