بھارت اشتعال انگیزی کا الزام لگا کر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے، امریکی رپورٹ

بھارت اشتعال انگیزی کا الزام لگا کر پاکستان پر حملہ کرسکتا ہے، امریکی رپورٹ
Spread the love

واشنگٹن: امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ بھارتی وزیراعظم پاکستان پر اشتعال انگیزی کا جھوٹا الزام لگا کر طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں۔

ڈان اخبار کے مطابق امریکا کی ڈائریکٹر آف نیشنل انٹیلی جنس نے کانگریس کو ’’خطرے کے جائزے کی سالانہ رپورٹ 2021‘‘ ارسال کی ہے جس میں انکشاف کیا گیا ہے کہ نریندر مودی پاکستان پر طاقت کا استعمال کرسکتے ہیں اور اس کے لیے وہ پاکستان پر اشتعال انگیزی کا جھوٹا الزام بھی عائد کر سکتے ہیں۔

امریکی انٹیلی جنس کی رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ جوہری ہتھیاروں سے لیس دونوں ممالک کے درمیان کشمیر کے معاملے پر کشیدگی میں اضافے کا خطرہ تاحال موجود ہے تاہم رواں برس بھارت اور پاکستان کے درمیان ایک عمومی جنگ کا قطعی امکان نہیں ہے۔
خیال رہے کہ اس سے قبل امریکی کانگریس کو جاری کی گئی ایک انٹیلی جنس رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان 5 برسوں میں جنگ ہونے کا امکان موجود ہے۔

امریکی انٹیلی جنس رپورٹ میں امریکی مفادات کے لیے بالترتیب چین، روس اور ایران کو خطرہ قرار دیا گیا ہے جب کہ رپورٹ میں افغان حکومت اور طالبان کے درمیان رواں برس امن معاہدے کے امکانات کو مسترد کردیا ہے۔

واضح رہے کہ یہ رپورٹ سالانہ کی بنیاد پر امریکی کانگریس کو پیش کی جاتی ہے جس میں امریکی مفادات کو درپیش خطرات اور دنیا میں ممکنہ جنگوں سے متعلق جائزہ شامل ہوتا ہے تاکہ پالیسی سازی میں کام آسکے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں