، سفارشات چیئرمین بیرسٹر گوہر کو ارسال کر دی گئی
اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر نے عام انتخابات 2026 کے لیے روایتی الیکٹیبلز کے بجائے نوجوان، متحرک اور نظریاتی کارکنوں کو انتخابی میدان میں اتارنے کا فیصلہ کر لیا ۔ صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر اور سابق وزیراعظم سردار عبد القیوم نیازی کی سربراہی میں قائم پارلیمانی بورڈ نے طویل مشاورت، امیدواروں کے انٹرویوز اور تنظیمی سفارشات کا جائزہ لینے کے بعد 31 حلقوں کے لیے امیدواروں کے نام حتمی شکل دے دی ہے۔پارلیمانی بورڈ کی سفارشات پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان کو منظوری کے لیے ارسال کر دی گئی ہیں ۔صدر پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر سردار عبد القیوم نیازی نے کہا ہے کہ پارٹی نے اس مرتبہ ٹکٹوں کی تقسیم میں خاندانی سیاست، ذاتی اثر و رسوخ یا روایتی الیکٹیبلز کے بجائے میرٹ، نظریاتی وابستگی، تنظیمی خدمات، عوامی پذیرائی اور عوامی جدوجہد کو بنیادی معیار بنایا ہے۔ پاکستان تحریک انصاف آزاد کشمیر ایک نئی، باصلاحیت اور متحرک قیادت کو آگے لانا چاہتی ہے جو عمران خان کے نظریے کی حقیقی نمائندہ ہو۔انہوں نے کہا کہ جن امیدواروں کو پارٹی ٹکٹ دیا گیا ہے وہ کارکنوں کی امنگوں کے ترجمان ہیں اور انہیں عوامی خدمت، دیانت داری اور پارٹی کے ساتھ ثابت قدم وابستگی کی بنیاد پر منتخب کیا گیا ہے۔آزاد کشمیر میں تحریک انصاف کو مزید مضبوط کرے گی اور عوام کی توقعات پر پورا اترے گی۔
تفصیلات کے مطابق سردار عبد القیوم نیازی حلقہ ایل اے 18 عباسپور سے انتخاب لڑیں گے جبکہ خواجہ فاروق احمد مظفرآباد سٹی، میر عتیق الرحمن کوٹلہ، ذیشان حیدر چکار اور عنصر پیرزادہ لیپا سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار ہوں گے۔میرپور ڈویژن میں چوہدری غلام ربانی ڈڈیال، چوہدری ظفر انور چکسواری، چوہدری حمید پوٹھی کھڑی شریف، چوہدری آصف بھمبر سٹی ، گلزار ایڈووکیٹ سماہنی ، طیب افتخار حسین برنالہ سے انتخابی میدان میں اتریں گے۔ ملک نثار احمد راج محل، نعیم آرزو نکیال، محمد رفیق کوٹلی سٹی، غفارت شاہد چڑھوئی، سردار عبدالرزاق سہنسہ اور بشیر گورسی کھوئی رٹہ سے پارٹی کے امیدوار ہوں گے۔باغ کے حلقوں میں توصیف عباسی (غربی باغ)، مسعود الرحمن ایڈووکیٹ (وسطی باغ) اور سردار طاہر اکبر (شرقی باغ) کو پارٹی ٹکٹ دینے کی سفارش کی گئی ہے، جبکہ حویلی سے چوہدری عامر نذیر امیدوار نامزد کیے گئے ہیں۔پونچھ ڈویژن میں سردار ارزش ہجیرہ، سردار خطاب اعظم کھائی گلہ، سردار نئیر ایوب راولاکوٹ سٹی، سردار عاطف پاچھوٹ، جنید الطاف پلندری اور سردار زعیم بلوچ سے انتخاب لڑیں گے۔نیلم کے حلقوں میں قاضی اسرائیل اپر نیلم، میاں محمد شفیق لوئر نیلم اور راجہ منصور کھاوڑہ سے امیدوار ہوں گے۔لچھراٹ اور میرپور سٹی کے حلقوں کے امیدواروں کے نام تاحال زیر غور ہیں اور ان حلقوں کے لیے امیدواروں کا اعلان مشاورت مکمل ہونے کے بعد کیا جائے گا۔