امریکی شخص نے فلم ’ایونجرز‘ 191 مرتبہ دیکھ کرنیا ریکارڈ بنالیا
فلوریڈا: امریکی باشندے نے ایک ہی فلم 191 مرتبہ سینما میں دیکھ کر ایک نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا ہے جس کی تصدیق گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ نے بھی کی ہے۔
ریمیرو ایلانِس نے ایوینجرز، اِنفِنٹی وار 191 مرتبہ دیکھی ہے جس کے لئے وہ ہر بار تھیئٹر گئے ہیں۔ 33 سالہ ریمیرو فلوریڈا میں رہتے ہیں اور مارول سیریز کے غیرمعمولی مداح ہیں۔ چند دنوں قبل انہیں گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ کی جانب سے سند بھی موصول ہوچکی ہے۔ اس طرح وہ کسی فلم کو سینما میں سب سے زیادہ دیکھنے والے شخص بھی ہیں۔
اس کے لیے انہوں نے نجی زندگی اور کام کے اوقات کے درمیان سے وقت نکالا تاکہ وقت پر سینما پہنچا جاسکے۔ اس اعزاز پر ریمیرو نے اپنے اہلِ خانہ اور دوستوں کے ساتھ ساتھ سینما کے عملے کا شکریہ بھی ادا کیا ہے۔
اس دوران وہ ہر بار سینما جاتے رہے اور وہاں کی تصاویر سوشل میڈیا پر بھی پوسٹ کرتے رہے۔ عام طور پر انہوں نے ہفتے اتوار کو مجموعی طور پر چار سے پانچ مرتبہ فلم دیکھی اور فلم کا دورانیہ تین گھنٹے اور دومنٹ ہے۔