سرینگر :میر واعظ کا غیر قانونی گوشت کی ضبطگی پر اظہار تشویش » (کشمیر میڈیا سروس)



سری نگر:بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما میر واعظ عمر فاروق نے علاقے کے مختلف مقامات سے 3500 کلو گرام سے زائد بوسیدہ، بغیر لیبل کے اور ممکنہ طور پر غیر قانونی گوشت کی ضبطگی پراپنی گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میرواعظ عمر فاروق نے سری نگر کی تاریخی جامع مسجد میں نام جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے بڑے پیمانے پر ہونے والی بددیانتی کی مذمت کی۔ انہوں نے سوال کیا کہ غیر قانونی گوشت کی فروخت کا یہ عمل ایک لمبے عرصے جاری ہے ، آخر اب تک اسے کیسے چلنے دیا گیا، انتظامیہ کہاں تھی اور اس نے معاملے کی جانچ کیوں نہیں کی ۔انہوںنے کہا کہ اس معاملے نے ریگولیٹری اتھارٹیز کے کردار کے بارے میں سنگین شکوک و شبہات کو جنم دیا۔میر واعظ نے کہا کہ واقعے نے لوگوں کے اعتماد کو بری طرح متزلزل کر دیا ہے۔
میرواعظ نے کہا کہ لوگوں کو حرام یا ضرر رساں کھانا کھلانا ایک سنگین جرم ہے ، یہ عوامی اعتماد کے ساتھ خیانت، احکام الٰہی، معاشرتی اقدار اور قانون کی خلاف ورزی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ذمہ داروں کا مکمل احتساب کیا جائے اور قانون کے تحت سخت اور فوری سزا دی جائے۔
میرواعظ نے شہریوں کی چوکسی کو سراہا جنہوں نے اس اسکینڈل کو بے نقاب کرنے میں مدد کی ۔KMS-13/M
Source link



