ملک میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور طالبان کوگلے لگانے سے بی جے پی کی منافقت بے نقاب ہوتی ہے: محبوبہ مفتی


سرینگر: غیرقانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیرمیں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے افغان طالبان کو گلے لگانے اور بھارت کے اندر مسلمانوں کو نشانہ بنانے پر بی جے پی کی زیرقیادت بھارت حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے بی جے پی کی منافقت قرار دیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی کایہ بیان اس وقت سامنے آیا جب بھارت نے افغان وزیر خارجہ امیر خان متقی کے نئی دہلی کے دورے کے دوران افغانستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہتر بنانے کا فیصلہ کیا۔انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے لو جہاد، لینڈ جہاد، ووٹ جہاد اور گائے جہاد کے نام پر بار بار مسلمانوںکو نشانہ بنایا اور انہیں بدنام کرنے کے لئے مذموم پروپیگنڈہ کیا ۔ اب نام نہاد جمہوریت کی ماںبھارت نے طالبان کو گلے لگانے کا فیصلہ کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارت نے افغانستان کو مختلف قسم کی امداد کی پیشکش کی ہے جس میں افغان طلباء کے لیے تعلیمی وظائف بھی شامل ہیںجبکہ اندرون ملک بی جے پی نے مسلمان طلبا ء کے وظائف ختم کئے ہیں اور مدارس کو بند کر دیا ہے۔یہ بی جے پی کی اندرونی منافقت کی واضح دلیل ہے۔پی ڈی پی سربراہ نے کہا کہ بین الاقوامی تعلقات کو برقرار رکھنا اہم ہے لیکن ایک ملک کا حقیقی استحکام اس کے اپنے شہریوں بالخصوص اقلیتوںکے اعتماد، احترام اور مساوات کو فروغ دینے پر منحصر ہے۔انہوں نے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ پر طنز کرتے ہوئے کہاامید ہے بلڈوزر بابا سن رہے ہوں گے۔
The post ملک میں مسلمانوں کو نشانہ بنانے اور طالبان کوگلے لگانے سے بی جے پی کی منافقت بے نقاب ہوتی ہے: محبوبہ مفتی first appeared on (کشمیر میڈیا سروس).
Source link



