عامر خان کا فلم کی ناکامی کی صورت میں معاوضہ وصول نہ کرنے کا انکشاف

ممبئی: بالی ووڈ مسٹر پرفیکشنسٹ عامر خان نے انکشاف کیا ہے کہ وہ فلم کی ناکامی کی صورت میں کوئی معاوضہ وصول نہیں کرتے۔

بھارتی میڈیا کے مطابق اداکار عامر خان نے ایک تقریب کے دوران فلم کے معاوضے سے متعلق لب کشائی کرتے ہوئے کہا کہ میرا دستور ہے کہ باکس آفس پر فلم کی ناکامی کی صورت میں ایک روپیہ بھی معاوضہ نہیں لیتا خواہ کتنی ہی محنت کیوں نہ کی ہو۔

عامر خان نے یہ بھی کہا کہ معاوضہ تب ہی وصول کرتا ہوں جب فلم پر خرچ کی ہوئی رقم نہ صرف واپس آجائے بلکہ فلم سے جڑے تمام افراد کو اُن کا معاوضہ ادا کر دیا جائے بعد ازاں اگر فلم اپنے مقرر بجٹ سے دگنا فائدے میں ہوتی ہے تو پھر میں اپنا معاوضہ منافع میں سے وصول کرتا ہوں۔

مسٹر پرفیکشنسٹ نے یہ بھی کہا کہ میں فلم کی ریلیز سے قبل اپنا معاوضہ لینے کا نہیں سوچتا کیوں کہ میں نہیں چاہتا کہ فلم کی ناکامی کی صورت میں کسی کو نقصان کا سامنا کرنا پڑے کیوں کہ اس بات کو میں اپنی ذمہ داری سمجھتا ہوں۔

واضح رہے کہ 1988ء میں فلم ’’قیامت سے قیامت تک‘‘ میں جوہی چاولہ کے مدمقابل ڈیبیو کرنے والے عامر خان پہلی ہی فلم سے چاہنے والوں کو اپنی جانب مائل کرنے میں کامیاب رہے۔

انہوں نے فنی کیریئر میں ’’ہم ہیں راہی پیار کے، انداز اپنا اپنا، راجہ ہندوستانی، سرفروش، لگان، منگل پانڈے، رنگ دے بسنتی، تارے زمین پر، گجنی، تھری ایڈیٹ‘‘ جیسی کئی سپرہٹ فلموں میں کام کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button