پی ایس ایل 6؛ ٹرافی کون تھامے گا؟ نقاب کشائی 20 جون کو متوقع

کراچی: پی ایس ایل 6 کی ٹرافی کون تھامے گا؟ نقاب کشائی20 جون کومتوقع ہے جب کہ پی سی بی نے فائنل کیلیے ابتدائی طور پر یہی تاریخ تجویز کردی۔

کراچی میں منعقدہ پی ایس ایل 6کو14میچز کے بعد ملتوی کر دیا گیا تھا،اس کی وجہ کئی کھلاڑیوں کاکورونا میں مبتلا ہونا بنا، پی سی بی نے گذشتہ دنوں فرنچائز مالکان سے ملاقات کے بعد جون میں بقیہ20میچز کے انعقاد کا فیصلہ کیا تھا، اب اس حوالے سے مزید غوروخوص جاری ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ بورڈ کی جانب سے 2 مجوزہ شیڈول ٹیم مالکان کو ارسال کیے گئے ہیں، وہ ان پر اپنی رائے دیں گے جس کے بعد حتمی فیصلہ ہوگا، ایک شیڈول میں دن میں 2 میچز کا تجویز کیا گیا ہے، دوسرے کے مطابق 5 دن ایک جبکہ ہفتے اور اتوار کو 2مقابلے ہوں گے۔
گرم موسم کی وجہ سے ڈبل ہیڈر میچز شام 4 بجے شروع کرنے کا ارادہ ہے، اس صورت میں دوسرے میچ کا آغاز رات 9بجے ہوگا، اختتام ساڑھے 12 بجے ہونے پر ٹیموں کو ہوٹل پہنچتے پہنچتے رات کے ایک سے ڈیڑھ تک بج سکتے ہیں، اس پر بعض اعتراض سامنے آئے ہیں، زیادہ سے زیادہ ٹی وی ریٹنگ کے لیے میچز پرائم ٹائم پر کرانے کا بھی کہا جا رہا ہے،فائنل کے لیے اتوار 20 جون کی تاریخ سامنے آ گئی، البتہ اس میں ردوبدل بھی ممکن ہے۔

پی سی بی چاہتا ہے کہ انگلینڈ روانگی سے قبل قومی کرکٹرز کو چنددن گھر والوں کے ساتھ گذارنے کا موقع مل جائے اس لیے20جون تک ایونٹ ختم کرنے کا ارادہ ہے، گرین شرٹس کی انگلش حریفوں سے 3ون ڈے اور اتنے ہی ٹی ٹوئنٹی میچز پر مشتمل سیریز کا آغاز 8 جولائی کو ہوگا،

ایک فرنچائز نے اپنے ایک ساتھ دن کے میچز زیادہ ہونے پر بھی اعتراض کیا ہے، باہمی مشاورت کے بعد آئندہ ہفتے پی سی بی حکام سے ورچوئل میٹنگ میں شیڈول کو حتمی شکل دی جائے گی، ایک تجویز یہ بھی ہے کہ مئی کے آخر میں ہی ایونٹ کا آغاز کر لیا جائے۔

آئی پی ایل کا فائنل 30 تاریخ کو ہونا ہے البتہ پی ایس ایل فرنچائزز کا کہنا ہے کہ ہمارا بھارتی ایونٹ سے کوئی لینا دینا نہیں اور اپنی سہولت دیکھنی ہے۔ بورڈ نے پہلے غیرملکی کرکٹرز کے لیے 10 دن کا قرنطینہ تجویز کیا تھا مگر اب یہ فیصلہ بائیو ببل بنانے والی غیرملکی کمپنی پر چھوڑنے پر اتفاق ہوگیا۔

ممکن ہے کہ ایک ہفتے کی آئسولیشن رکھی جائے، کراچی میں ہوٹل کی تلاش بھی شروع ہو چکی،اس بار ایک ہی ہوٹل میں تمام ٹیموں اور دیگر افراد کو ٹھہرانے کا ارادہ ہے تاکہ بائیو ببل بنانے میں آسانی ہو، وہاں کوئی باہرکا شخص نہیں آ سکے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button