دوسرا ون ڈے؛ انگلینڈ نے پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی

لارڈز: انگلینڈ نے دوسرے ون ڈے میں بھی پاکستان کو شکست دے کر سیریز جیت لی، 248 رنز کے ہدف کے تعاقب میں 41 ویں اوور میں پوری ٹیم 195 رنز کے اسکور پر آؤٹ ہوگئی۔

لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں انگلینڈ اور پاکستان کے درمیان تین میچوں کی سیریز کا دوسرا ون ڈے کھیلا گیا۔ میچ میں پاکستانی بولرز نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پوری انگلش ٹیم کو 46 ویں اوور میں 247 رنز پر پویلین بھیج دیا تاہم بیٹنگ لائن ناکام ہونے کے سبب پاکستان کو ایک بار پھر ہزیمت کا سامنا کرنا پڑا۔

پاکستان کپتان نے ٹاس جیت کر انگلش ٹیم کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی جس پر انگلینڈ نے پاکستان کو 248 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں پاکستان کی جانب سے امام الحق اور فخر زمان نے بیٹنگ کا آغاز کیا۔
ہدف کے تعاقب میں اوپننگ بلے باز امام الحق ایک بار پھر ناکام رہے اور صرف ایک رن بنانے کے بعد پویلین واپس لوٹ گئے جب کہ کپتان بابراعظم بھی 19 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ بابر اعظم چوتھے اوور میں 19 رنز بناکر ایل بی ڈبلیو ہوگئے۔

آٹھویں اوور میں ٹیم کے 36 کے مجموعی اسکور پر محمد رضوان بھی ساتھ چھوڑ گئے انہوں ںے 5 رنز بنائے۔ فخر زمان نے بہت ناقص کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں ںے 45 گیندیں کھیل کر بھی صرف 10 رنز بنائے اور 13 ویں اوور میں اورٹرن کے ہاتھوں کلین بولڈ ہوگئے۔

کھلاڑی ایک کے بعد پویلین لوٹتے رہے۔ شعیب مقصود نے 19 اور شاداب خان نے 21 رنز بنائے۔ 24 اوور کے اختتام تک پاکستان کے چھ کھلاڑی آؤٹ ہوگئے اور ٹیم کا اسکور 115 رہا۔

27 ویں اوور میں فہیم اشرف اور 30ویں اوور میں حسن علی آؤٹ ہوگئے۔ فہیم اشرف شدید دباؤ میں کھیلے انہوں نے 9 گیندیں کھیلیں اور صرف ایک رن بنایا جب کہ حسن علی نے دباؤ کو مسترد کرتے ہوئے جارحانہ انداز اختیار کرتے ہوئے اچھی بیٹنگ کا مظاہرہ کیا، انہوں نے 17 گیندوں پر 31 رنز بنائے، تین چھکے اور دو چوکے بھی لگائے۔ وہ فہیم اشرف کے بعد آئے اور انہوں نے ٹیم کا اسکور 118 سے 152 تک پہنچا دیا۔

پاکستان کی نویں اور سب سے اہم وکٹ 39 ویں اوور میں 192 رنز پر گری۔ سعود شکیل 77 گیندوں پر 56 رنز بناکر کیچ آؤٹ ہوگئے، انہوں نے چار چوکے بھی لگائے۔

41 ویں اوور میں ٹیم کے 195 رنز کے اسکور پر پاکستان کی آخری وکٹ بھی گرگئی۔ حارث رؤف ایک رن بناکر پویلین لوٹ گئے۔ نتیجے میں پاکستان 248 رنز کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے 7 اوور قبل ہی ناکام ہوگیا اور اسے 52 رنز سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔

بالنگ سائیڈ میں انگلش کھلاڑیوں لیوس گریگوری نے 3، ثاقب محمود، کریگ اوورٹن اور میٹ پارکنسن نے دو دو جب کہ بریڈن نے ایک وکٹ حاصل کی۔ ثاقب محمود نے 8 اوورز کرائے اور محض 21 رنز دیے۔

یاد رہے کہ بارش کی وجہ سے میچ تاخیر سے شروع کیا گیا اور 560 کے بجائے 47 اوورز تک محدود کردیا گیا تھا۔

پہلی اننگ

انگلش ٹیم نے پہلے بیٹنگ شروع کی تو پچھلے میچ کے ہیرو ڈیوڈ ملان اور زیک کرالے کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین واپس لوٹ گئے۔

فل سالٹ اور جیمز ونس نے ذمہ داری کا مظاہرہ کرتے ہوئے نصف سنچریاں اسکور کیں، سالٹ 60 اور ونز 56 رنز بناکر آؤٹ ہوئے۔ کپتان بین اسٹوکس اپنا 100واں میچ یادگار نہ بناسکے اور 22 رنز کے مہمان ثابت ہوئے۔ جان سمسن 17 اور لیوس گریگوری 40 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جب کہ بریڈن کرس 31 رنز کی اننگز کھیلنے میں کامیاب رہے۔

پاکستان کی جانب سے حسن علی 5، حارث رؤف 2، شاہین آفریدی، شاداب خان اور سعود شکیل نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

واضح رہے کہ انگلینڈ نے پہلے ون ڈے میں پاکستان کو 9 وکٹ سے شکست دی تھی۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button