دوسرا ٹیسٹ پہلا دن؛ پاکستان نے 4 وکٹ کے نقصان پر 268 رنز بنالیے

دوسرے ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی زمبابوے کے خلاف ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔

پاکستان اور زمبابوے کے درمیان کھیلی جارہی 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں قومی ٹیم کی ٹاس جیت کر بیٹنگ جاری ہے۔ پہلے دن کے اختتام پر قومی ٹیم نے 4 وکٹ کے نقصان پر 268 رنز بنالیے ہیں۔ عابد علی 118 اور ساجد خان ایک رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ ہیں۔

پاکستان کی جانب سے اننگز کا آغاز عمران بٹ اور عابد علی نے کیا، عمران بٹ صرف 2 رنز کے مہمان ثابت ہوئے جس کے بعد عابد علی نے اظہر علی کے ساتھ ملکر 236 رنز کی شراکت قائم کی۔ اس دوران دونوں بلے بازوں نے اپنی سنچریاں مکمل کیں۔
اظہر علی 126 رنز کی اننگز کھیلنے کے بعد مزاربانی کا شکار بنے جب کہ پہلے میچ میں صفر پر آؤٹ ہونے والے بابراعظم اس اننگز میں بھی صرف 2 رنز ہی بناسکے۔ پچھلے میچ کے سنچری میکر فواد عالم کی اننگز بھی 5 رنز تک محدود رہی۔

زمبابوے کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میچ کے لیے قومی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے، فہیم اشرف کی جگہ تابش خان کو شامل کیا گیا ہے جب کہ 36 سالہ فاسٹ بولر تابش خان پہلا ٹیسٹ کھیلیں گے۔

قومی ٹیم کے کپتان بابراعظم کا کہنا ہے کہ پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے بڑا اسکور کرنے کی کوشش کریں گے جب کہ کپتان زمبابوے برینڈن ٹیلر کا کہنا ہے کہ ٹاس جیت جاتے تو ہم بھی بیٹنگ کا ہی فیصلہ کرتے۔

واضح رہے کہ 2 ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں قومی ٹیم کو 0-1 کی برتری حاصل ہے، پاکستان نے پہلے ٹیسٹ میں زمبابوے کو ایک اننگز 116 رنز سے شکست دی تھی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button