کرکٹر فوادعالم نے اداکاری کی دنیا میں بھی قدم رکھ دیا
اسپورٹس رپورٹر: فواد عالم نے ویب سیریز’ خود کش محبت ‘ سے شوبز میں اپنے کیرئیر کا آغاز کردیا ہے۔ آل رائونڈر اس سیریز میں مرکزی کردار ادا کر رہے ہیں۔
فواد عالم نے ٹوئٹر پر اپنی آنے والی ویب سیریز کے ٹریلر کو شیئر کرتے ہوئے اداکاری کے میدان میں اترنے کا اعلان کیا ہے۔ ’خود کش محبت‘ کے نام سے بننے والی اس ویب سیریز کےمنٹ 21 سکینڈ کے ٹریلر کا آغاز اذان سے ہوتا ہے جس کے فوری بعد مدرسے کا منظر دکھایا گیا جس میں بچے پڑھتے دکھائی دیتے ہیں۔
اگلے منظر میں فواد عالم برقعہ میں ملبوس ایک لڑکی سے اظہار محبت کرتے نظر آتے ہیں۔ فواد عالم کی محبت کا علم جب لڑکی کے گھر والوں کو ہوتا ہے وہ انہیں شدید تشدد کا نشانہ بناتے ہیں۔ ان پر تشدد کا سلسلہ یہیں تک محدود نہیں رہتا، بعد ازاں انہیں پولیس بھی بدترین تشدد کا نشانہ بناتی نظرآتی ہے۔
فواد عالم نے ٹوئٹر پر اپنے مداحوں سے کہا ہے کہ’ مجھے امید ہے جس طرح آپ لوگوں نے مجھے کرکٹ کے میدان میں پسند کیا ہے اسی طرح اداکاری کے میدان میں بھی پسند کریں گے‘ آپ کی محبت، سپورٹ اور دعائیں میرے لیے زیادہ اہمیت رکھتی ہیں۔
ٹریلر کے اختتام پر فواد عالم کی محبت میں گرفتار لڑکی کو بھی شادی کے لئے اپنے والدین سے بغاوت کرتے دکھایا گیا ہے۔ یاد رہے کہ 35 سالہ فواد عالم اب تک9 ٹیسٹ،38 ایک روزہ اور24 ٹوئنٹی20 میچز میں پاکستان کی نمائندگی بھی کر چکے ہیں۔