امام الحق سنچورین میں میچ فنش نہ کرنے پرافسردہ
لاہور: امام الحق نے ون ڈے سیریز میں سنچری کو ہدف بنالیا اوپنر نے کہاکہ سنچورین میں میچ فنش نہ کرنے پر سخت افسوس ہوا ہر کرکٹر اپنا کردار نبھانے کی کوشش کرتا ہے مگر میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پلان تبدیل بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سنچورین میں میزبان جنوبی افریقہ کو 3 وکٹ سے شکست دینے کے بعد پریس کانفرنس میں امام الحق نے کہا کہ میں کافی عرصے سے موقع کی تلاش میں تھے، ڈیڑھ سال سے سنچری نہیں بنائی،اس بار 70 رنزکی اننگز کھیلی مگر سخت افسوس ہے کہ میچ فنش نہ کرپایا، ہمیشہ مطلوبہ نتائج حاصل نہیں ہوتے، بہرحال اگلے دونوں میچز میں سنچری کا سنگ میل عبور کرنے کی کوشش کروں گا، انھوں نے کہا کہ پاکستان ٹیم کافی عرصے بعد ون ڈے کرکٹ کھیل رہی ہے۔
بڑی ٹیموں کیخلاف فتح کیلیے پورے میچ میں تسلسل کے ساتھ عمدہ کارکردگی دکھانا پڑتی ہے، ہمیں اچھا آغاز بھی مل گیا، بہتر انداز میں آسانی سے میچ جیتنا چاہیے تھا مگر وکٹیں گرنے کے بعد آخر میں زیادہ محنت کرنا پڑگئی،کھیل میں تسلسل اس وقت ہی آتا ہے جب آپ مسلسل کرکٹ کھیلیں،سنچورین میں اسی کی کمی نظر آئی۔ امام الحق نے کہا کہ ٹیم میں ہر کرکٹرکو ایک کردار دیا جاتا ہے،سب اسے نبھانے کی کوشش بھی کرتے ہیں، مگر گراؤنڈ پر میچ کی صورتحال کو دیکھتے ہوئے پلان تبدیل بھی کرنا پڑ جاتا ہے۔
انھوں نے کہا کہ ٹیم میٹنگ میں ہم اکثر بات کرتے ہیں کہ بڑی ٹیموں کے ٹاپ تھری میں سے کوئی سیٹ ہوکر 100رنز بنائے تو 150تک جاتا ہے،ہمیں بھی اس ضمن میں مزید بہتری لانا اور اس کیلیے کوشش جاری رکھے ہوئے ہیں، ہم اپنی غلطیوں سے سیکھیں گے، 70یا 80رنز کی اننگز پر اکتفا کرنے کے بجائے 100اور اس سے بھی زیادہ اسکور بنانے کی کوشش ہوگی۔