پی ایس ایل؛ فرنچائزز کو شیڈول فائنل ہونے کا انتظار
کراچی: پی ایس ایل فرنچائزز کو شیڈول فائنل ہونے کا انتظار ہے تاہم اب تک کوئی پیش رفت سامنے نہ آ سکی۔
پی ایس ایل فرنچائزز کو بقیہ میچز کے حتمی شیڈول کا انتظار ہے، پی سی بی نے ایک ہفتے قبل آگاہ کرنے کا کہا تھا مگر تاحال مکمل خاموشی طاری ہے، حکام کی برطانوی کمپنی سے بائیو سیکیورٹی کے معاملات پر بات چیت جاری ہے،مکمل ہوٹل بک کرانے میں اخراجات کا مسئلہ آڑے آ گیا،اگر بات نہ بنی تو2 ہوٹل بک کرا کے الگ ایریا کھلاڑیوں اور آفیشلز کیلیے مختص کر دیا جائے گا۔
یاد رہے کہ چھٹے ایڈیشن کو کورونا کیسز کی وجہ سے 14میچز کے بعد ہی روکنا پڑ گیا تھا،بائیو ببل کے مسائل حل کرنے کیلیے پی سی بی نے ایک برطانوی کمپنی کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا جو آئی پی ایل سمیت کئی ایونٹس میں کام کا تجربہ رکھتی ہے، ابھی یہ فیصلہ نہیں ہوا کہ اس کی کروڑوں روپے فیس کون ادا کرے گا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ بھی فرنچائزز کو ہی دینا پڑ سکتی ہے، باہمی مشاورت سے جو تیسرا مجوزہ شیڈول تیار ہوا اس میں روزانہ ایک ہی میچ کرانے کا ذکر ہے، پلیئرز مئی کے آخر میں قرنطینہ کریں گے جس کے بعد جون میں میچز کھیلے جائیں گے، قرنطینہ کی مدت کا فیصلہ برطانوی کمپنی کرے گی۔
ذرائع نے بتایا کہ گذشتہ روز فرنچائز مالکان کی ورچوئل میٹنگ میں مختلف معاملات پر تبادلہ خیال ہوا، بورڈ کے ساتھ رابطہ مسلسل جاری رکھنے پر بھی بات ہوئی، فرنچائز جلد از جلد شیڈول فائنل کرانا چاہتی ہیں تاکہ غیرملکی کرکٹرز کی دستیابی ممکن بنائی جا سکے، انھوں نے مجوزہ فنانشل ماڈل پر بھی بات کی۔