پروٹیز کے شکار کیلیے ہتھیار چمکا لیے گئے، حتمی جانچ آج ہوگی
لاہور: پروٹیز کے شکار کیلیے ہتیھار چمکا لیے گئے جب کہ حتمی جانچ آج ہوگی۔
جنوبی افریقہ اور زمبابوے کے ٹور کی تیاری کیلیے 19 مارچ سے قذافی اسٹیڈیم میں شروع ہونے والے قومی وائٹ بال اسکواڈ کے تربیتی کیمپ میں کورونا ٹیسٹ میں کلیئر کرکٹرز نے بھرپور مشقوں کیں، بیٹنگ، بولنگ اور فیلڈنگ کی پریکٹس کیساتھ جسمانی استعداد بہتر بنانے کیلیے ڈرلز بھی کی گئیں، کیمپ میں بلائے جانے والے دیگر 7 اضافی کرکٹرز بھی پریکٹس میں معاونت کیساتھ اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کے موقع سے فائدہ بھی اٹھاتے رہے۔
پیر کے روز کھلاڑیوں کو 2ٹیموں بابر اعظم الیون اور شاداب خان الیون میں تقسیم کرکے انٹرا اسکواڈ میچ کروایا گیا جس میں بیٹسمینوں نے اچھی فارم کا مظاہرہ کیا، فخرزمان، امام الحق اور بابر اعظم بڑی اننگز کھیلے اور ناقابل شکست رہے، دیگر چند بیٹسمینوں نے بھی اپنے بیٹ سے گرد جھاڑ لی۔
جنوبی افریقہ میں پاکستان کا ٹاپ آرڈر ہمیشہ جدوجہد کرتا رہا ہے، پریکٹس میچ کی اچھی فارم وہاں بھی برقرار رکھنا ایک بہت بڑا چیلنج ہوگا، گزشتہ روز مقامی ہوٹل میں مکمل آرام کرنے والے کرکٹرز آج دوسرا اور آخری انٹرا اسکواڈ میچ کھیلیں گے، اسی کیساتھ کیمپ کا بھی اختتام ہوجائے گا، یہ مقابلہ ہتھیاروں کی آزمائش کا آخری موقع بھی ہوگا، منیجمنٹ کو ممکنہ کمبی نیشن کے حوالے سے فیصلے کرنے میں بھی مدد ملے گی۔
پاکستان نے آخری ون ڈے ہوم سیریز میں زمبابوے کیخلاف کھیلی اور تیسرا میچ ٹائی ہونے پر سپر اوور میں مات کھائی تھی، اس میچ کا حصہ بننے والے افتخار احمد، خوشدل شاہ، وہاب ریاض اور موسٰی خان اسکواڈ سے ڈراپ ہوچکے، پروٹیز کیخلاف ون ڈے سیریز میں پلیئنگ الیون کا کمبی نیشن تبدیل ہوگا، مشکل کنڈیشنز میں نئے چہروں کو آزمانے کے حوالے سے خدشات موجود ہوں گے۔
اس حوالے سے مینجمنٹ اپنا ہوم ورک مکمل کرے گی۔ جمعرات کو کوئی ٹریننگ شیڈول نہیں کی گئی، ہیڈ کوچ مصباح الحق ورچوئل میڈیا کانفرنس میں ٹور کی تیاریوں اور اپنے پلان کے بارے میں تفصیلات سے آگاہ کرینگے، جمعہ کو اسکواڈ بذریعہ چارٹرڈ طیارہ جوہانسبرگ کیلیے اڑان بھرے گا۔ پاکستان ٹیم کو جنوبی افریقہ میں تیاریوں کا زیادہ وقت نہیں ملے گا کیونکہ پہلا ون ڈے 2 اپریل کو شیڈول ہے۔
گرین شرٹس کیلیے اچھی خبر یہ ہے کہ کورونا سے نجات پانے کے بعد حسن علی لاہور میں قائم بائیو ببل میں شامل ہوگئے ہیں، انھیں 24گھنٹے آئسولیشن میں رہنا ہے، اس دوران پی سی بی میڈیکل ٹیم کی نگرانی میں 2مختلف لیبارٹریز کا عملہ کورونا ٹیسٹ کیلیے ان کی سیمپل حاصل کرے گا، دونوں کی رپورٹ منفی آنے پر حسن علی اسکواڈ کے ہمراہ جنوبی افریقہ روانہ ہوسکیں گے۔
دوسری جانب انٹرا اسکواڈ میچ سے واپسی پر کرکٹرز اور معاون اسٹاف ارکان کی چوتھی کورونا ٹیسٹنگ کیلیے سیمپل بھی حاصل کیے جائیں گے۔