بڑھاپا… مسلسل نہیں بلکہ تین مرحلوں میں آتا ہے، تحقیق

لندن: ایک نئی تحقیق میں بڑھاپے پر مزید تحقیق کے بعد معلوم ہوا ہے کہ عمررسیدگی کوئی مسلسل عمل نہیں بلکہ حیاتیاتی طور پر اس کے تین ادوار ہیں جنہیں آپ بڑھاپے کو بڑھانے والے ’گیئر‘ کہہ سکتےہیں۔

2019 میں کی گئی ایک طویل تحقیق میں خون کے 4000 مختلف ٹیسٹ کیے گئے ہیں جن سے معلومات ہوا ہے کہ حیاتیاتی بڑھاپے (بایولاجیکل ایجنگ) کا ظہور 34، 60 اور 78 سال کی عمر میں یک لخت ایک نیا روپ لیتا ہے۔ اس طرح بڑھاپے کی رفتار پوری عمر یکساں نہیں رہتی بلکہ اس میں تیزی اور تبدیلی رونما ہوتی ہے۔

اس تحقیق سے بڑھاپے کے جسمانی اثرات، اعضا کے متاثر ہونے اور الزائیمر یا امراضِ قلب کو سمجھنے اور علاج میں مدد بھی حاصل ہوگی۔ اس مطالعے میں پروٹیومکس کا علم استعمال کیا گیا ہے جس کے تحت خون میں پروٹین کی مقدار اور معیار دیکھے جاتے ہیں۔
معلوم ہوا کہ خون میں مختلف پروٹین کی مقدار سے حیاتیاتی عمررسیدگی کا بہتر اندازہ ممکن ہے۔ اس عمل میں خون میں پروٹین کی مقدار یا پروٹیوم کو دیکھا جاسکتا ہے جو بدلتے رہتے ہیں۔ کبھی یہ گچھوں کی صورت اختیار کرلیتے ہیں تو کبھی خاص شکل میں ڈھل جاتے ہیں، لیکن یہ عمر کے تین مختلف حصوں میں زیادہ ہوتا ہے جنہیں بڑھاپے کی تین لہریں کہا جاسکتا ہے۔

اس عمل میں 18 سے 95 برس کے 4263 افراد کے خون کا پلازمہ لیا گیا اور ان میں 3000 مختلف قسم کے پروٹین دیکھے گئے۔ ان میں سے 1379 پروٹین عمر کے ساتھ ساتھ بدلتے رہتے ہیں جو بڑھاپے کی ایک بہتر تصویر پیش کرتے ہیں۔ اس طرح 34، 60 اور 78 برس کی عمر میں سب سے زیادہ تبدیلیاں رونما ہوتی ہیں۔

اگرچہ ماہرین اس کی وجہ بتانے سے قاصر ہیں لیکن اس سے یہ ضرور معلوم کیا جاسکتا ہے کہ آخر بعض مریضوں کے اندرونی اعضا مثلاً جگر وغیرہ دیگر اعضا کے مقابلے میں تیزی سے بوڑھے کیوں ہوتے ہیں؟ اس تحقیق سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مرد و خواتین میں بڑھاپے کی رفتار یکساں نہیں ہوتی۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button