پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کر دیا، شبلی فراز
اسلام آباد: وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز کا کہنا ہے کہ پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کر دیا۔اسلام آباد میں پریس کانفرنس کے دوران شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی جمہوری پارٹی اورجمہوریت پریقین رکھتی ہے، ہم ملک میں آئین وقانون کی حکمرانی چاہتےہیں، وزیراعظم عمران خان نےاخلاقیات پر مبنی سیاست کی، عمران خان نہ تو دباوَ میں آئے گا اور نہ ہی مرعوب ہوگا، عمران خان نے خود کہا کہ ہم عوام کی خدمت کےلیے آئے ہیں، ملک کو نقصان پہنچانے والوں کو ہم نے نہیں چھوڑنا ۔شبلی فراز کا کہنا تھا کہ پی ڈی ایم کے ساتھ وہ قوتیں ہیں جنہوں نے اخلاقیات کو تباہ کیا، پیسے کے زور پر سیاست میں آنے والوں نے ملک کو تباہ کردیا، ہم جن قوتوں سے جنگ لڑرہے ہیں اس کی نمائندگی پی ڈی ایم کررہی ہے۔ یہ لوگ اقتدارمیں آنا چاہتے ہیں تاکہ اپنا کاروبار دوبارہ کرسکیں، ان کی سیاست پیسے اور دھونس کے ساتھ ہے۔وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے معیشت کو مستحکم کر دیا ہے،معیشت اور تجارت سے جڑے مسائل حل کر دیئے ہیں، آنے والے دنوں میں معاشی بہتری کے اثرات سامنے آنا شروع ہو ں گے۔ مہنگائی کے خلاف وزیراعظم نے جہاد کا اعلان کر دیا ہے، مہنگائی پر قابو پانے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی دیں گے۔