پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب
لاہور(نیوز ایجنسی)پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں پر امیدوار بلامقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں جس میں پی ٹی آئی اور مسلم لیگ(ن) کے 5، 5 جب کہ (ق) لیگ کا ایک امیدوار شامل ہے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق سینیٹ الیکشن میں پنجاب کی تمام 11 نشستوں کے نتائج آگئے ہیں، اور تمام 11 امیدوار بلا مقابلہ کامیاب ہوگئے ہیں، سینیٹرزکی کامیابی کانوٹیفکیشن 3 مارچ کے بعد جاری کیاجائےگا۔ ذرائع الیکشن کمیشن کے مطابق پنجاب سے سینیٹ کی 11 نشستوں میں سے پی ٹی آئی کے 5، مسلم لیگ (ن) کے 5 اور مسلم لیگ (ق) کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔پی ٹی آئی کی جانب سے اعجاز چوہدری، عون عباس، سیف اللہ نیازی، زرقا تیمور اور علی ظفر سینیٹ کی نشستیں جیت گئے ہیں، جب کہ مسلم لیگ (ن) کے ساجد میر، عرفان الحق، افنان اللہ خان، سعدیہ عباسی اور اعظم نذیر تارڑ اور مسلم لیگ (ق) کے کامل علی آغا کامیاب ہوئے۔واضح رہے کہ افنان اللہ خان مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما اور حال ہی میں انتقال کرنے والے مشاہداللہ مرحوم کے بیٹے ہیں۔