مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن ممکن نہیں، آرمی چیف
اسلام آباد: پاک فوج کے سربراہ جنرل جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں۔
اسلام آباد میں منعقدہ نیشنل سیکیورٹی ڈائلاگ سے خطاب کے دوران آرمی چیف نے کہا کہ نیشنل سیکیورٹی صرف اندرونی و بیرونی خطرات کا مقابلہ کرنا نہیں، اس کا مقصد وقت کےساتھ مختلف محرکات کا مقابلہ کرنا ہے، نیشنل سیکیورٹی ڈائیلاگ وقت کی اہم ضرورت ہے، موجودہ حالات میں پاکستان کو کئی چیلنجز کا سامنا ہے، ان چیلنجز سے نمٹنے کے لیے علاقائی اور عالمی تعاون کی ضرورت ہے۔
جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ پاکستان خطے میں ایک ذمہ دار ملک ہے اور سیکیورٹی خطرات کے باوجود دفاع کے اوپر کم خرچ کررہا ہے، جارح پڑوسی سے سیکیورٹی چیلنجز کے باوجود پاکستان ہتھیاروں کی دوڑ میں شامل نہیں ہوا کیونکہ سیکیورٹی اخراجات بڑھانے کے لیے انسانی ترقی کی قربانی دینا پڑتی ہے۔ خطے میں قیام امن سے دیگر ممالک کی خوشحالی جڑی ہے، پاکستان کی جیو پولیٹیکل حیثیت خطے میں معاشی ترقی کا باعث بن سکتی ہے، خطے میں امن ہوگا تو معیشت مضبوط ہوگی اور تمام ممالک امن سے رہ سکیں گے۔
آرمی چیف کا کہنا تھا کہ ہمسایوں کے ساتھ تمام تنازعات پرامن اور باوقار مذاکرات سے حل کرنا چاہتے ہیں، پاکستان اور بھارت میں کشیدگی کی بڑی وجہ مسئلہ کشمیر ہے، مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کے بغیر خطے میں امن کا قیام ممکن نہیں،افغانستان میں امن خطےمیں امن کی ضمانت ہے، افغانستان میں امن کے قیام کے ے پاکستان اہم کردار ادا کررہا ہے۔
سربراہ پاک فوج کا کہنا تھا کہ آج دنیا کو مختلف طرز کی دہشت گردی کا سامنا ہے، ہم دہشت گردی کے خاتمے کے لئے ایک طویل جدوجہد کے بعد منزل کے قریب ہیں، دہشت گردی اور انتہاپسندی پر قابو پانے کے لئے کم ترقی یافتہ علاقوں کو ترقی دی جارہی ہے۔