عالمی امن اور ترقی کے لیے چین کے اقدامات کی حمایت کرتے ہیں، وزیراعظم

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین آہنی برادر ملک ہیں اور پاکستان عالمی امن اور ترقی کے لیے چین کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

یہ بات انہوں ںے کمیونسٹ پارٹی آف چائنہ (سی پی سی) کے سو سال پورے ہونے پر بیجنگ میں منعقدہ عالمی رہنماؤں کے سمٹ میں ورچوئل طریقے سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

تقریب کی صدارت چین کے صدر شی جن پنگ نے کی۔ تقریب میں عالمی رہنماؤں نے ورچوئل طریقے سے خطاب کیا اور چینی حکمراں جماعت کی تشکیل کو سو سال پورے ہونے پر مبارک باد پیش کی۔
وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی چائنہ کے 100 ویں یوم تاسیس پر مبارک باد پیش کرتا ہوں، پاکستان اور چین آہنی برادر ملک ہیں اور سی پیک بی آر آئی کا فلیگ شپ منصوبہ ہے، پاکستان عالمی امن اور ترقی کے لیے چین کے اقدامات کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ بے لوث خدمت سے ہی سیاسی جماعتیں عوامی حمایت حاصل کرتی ہیں، تحریک انصاف ملک میں قانون کی بالادستی اور انصاف کے قیام کے لیے کوشاں ہے۔

انہوں نے سمٹ کے شرکا کو احساس پروگرام سے متعلق آگاہی دی اور کہا کہ ہمارا احساس پروگرام ایشیا میں سماجی تحفظ کے نمایاں پروگراموں میں سے ایک ہے، احساس پروگرام کے دوسرے مرحلے میں 80 لاکھ مستحق افراد کو سماجی تحفظ دیں گے، صحت کے شعبے میں اصلاحات سے متعلق یونیورسل ہیلتھ کوریج کو ترجیح بنایا، خط غربت سے نیچے زندگی گزارنے والوں کو صحت کا مفت بیمہ دینا چاہتے ہیں۔

عمران خان نے کہا کہ کمیونسٹ پارٹی چائنا کے وژن نے چینی قوم کے جذبوں کو جلا بخشی، چین نے انتہائی غربت کا خاتمہ کیا، پاکستان اور چین آہنی برادر ملک ہیں، ہم اپنے بنیادی مفادات کے امور میں ایک دوسرے کی حمایت کرتے ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button