امریکہ اور پاکستان مل کر ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں، احسن اقبال
اسلام آباد (ثاقب علی)وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان تعلقات خطے میں استحکام کے لیے بہت اہم ہیں، پاکستانی عوام غزہ میں جنگ اور خواتین اور بچوں کے خلاف تشدد کے خاتمے، جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے جمہوری حق کی حمایت اور جنوبی ایشیا میں دیرپا امن میں اہم کردار ادا کرنے کے لیے ایک عالمی رہنما کے طور پر امریکا کی طرف دیکھتے ہیں۔امریکا کی 248ویں یوم آزادی کی تقریب کے موقع پر امریکی سفارت خانے کے استقبالیہ میں بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ جب ہم مستقبل کی طرف دیکھتے ہیں تو مجھے مارٹن لوتھر کنگ جونیئر کے الفاظ یاد آجاتے ہیں، کہ ’ہو سکتا ہے ہم سب مختلف کشتیوں پر آئے ہوں، لیکن اب ہم ایک ہی کشتی میں ہیں۔انہوں نے کہا کہ انسانیت کو آنے والے بڑے چیلنجز کے تناظر میں صرف ہمارا تعاون ہی ضروری نہیں، بلکہ ایک ساتھ مل کر ہم ان چیلنجز کا مقابلہ کرسکتے ہیں اور پہلے سے کہیں زیادہ مضبوط، زیادہ لچکدار اور زیادہ متحد ہوکر ابھر سکتے ہیں۔امریکا اور پاکستان کے تعلقات پاکستان سمیت ارد گرد کے ممالک کے امن اور استحکام کے لیے بہت اہم ہیں۔ انہوں نے امریکا کی مرکزی رہنما کے طور پر پوری دنیا میں امن کے لیے کوششوں کو سراہا۔