اسرائیل فرعون کے نقش قدم پر چل رہا ہے، نگران وزیراعظم

تاشقند: نگران وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے اسرائیل کو فرعون کے نقش قدم پر چلنے والا قرار دے دیا۔

ازبکستان کے شہر تاشقند میں 16 ویں اقتصادی تعاون تنظیم (ای سی او) کے سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ موسیٰ ؑ کی پیدائش پر فرعون نے بچوں کو قتل کیا اور اب بدقسمتی سے جو لوگ ان کے پیروکار ہونے کا دعویٰ کرتے ہیں وہ فرعون کے نقش قدم پر چل رہے ہیں۔

وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے مسئلہ فلسطین کو اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے پر زور دیتے کہا ای سی او رکن ممالک غزہ میں جنگ بندی، انسانی امداد کی فراہمی اور اسرائیل کے احتساب کی کوششوں کی حمایت کریں۔

انوار الحق کاکڑ نے اسپتالوں پر بمباری اور محصور پٹی میں معصوم شہریوں کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کیا اور کہا کہ پاکستان غزہ میں جاری بربریت کی شدید مذمت کرتا ہے، غزہ میں جاری جنگ فوری بند ہونی چاہئے، غزہ میں معصوم بچوں اور خواتین کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

وزیراعظم نے بڑھتی ہوئی عدم رواداری، زینوفوبیا اور اسلاموفوبیا پر بین الاقوامی برادری کی توجہ مبذول کراتے ہوئے کہا کہ باہمی احترام، بین المذاہب ہم آہنگی اور پر امن بقائے باہمی کو فروغ دیتے ہوئے اسلاموفوبیا کے گھناؤنے اضافے کے خلاف سیاسی اور قانونی مزاحمت پیدا کرنے کی ضرورت ہے۔

نگران وزیراعظم نے باہمی تجارت اور رابطوں کو فروغ دینے کے حوالے سے ای سی او کی راہداری پر مبنی نقطہ نظر جیسے کرغزستان-تاجکستان-افغانستان-ایران , اسلام آباد-تہران-استنبول” ( آئی ٹی آئی)، قازقستان، ترکمانستان اور ایران ( کے ٹی آئی) اور دیگر کی حمایت کی اور کہا کہ مربوط ٹرانسپورٹ منصوبے تعمیر و ترقی میں مدد کریں گے۔

دریں اثنا نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ ازبکستان کے دو روزہ دورے کے بعد پاکستان کے لئے روانہ ہوگئے، تاشقند کے بین الاقوامی ہوائی اڈے پر ازبکستان کے وزیر اعظم عبداللہ نگمیتووچ اریپو اور پاکستانی سفارتی عملے نے وزیر اعظم کو رخصت کیا، اپنے دو روزہ دورہ ازبکستان میں وزیر اعظم نے ای سی او سربراہی اجلاس میں شرکت کے علاوہ عالمی رہنمائوں سے ملاقاتیں بھی کیں۔

متعلقہ آرٹیکلز

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button