کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے، وزیراعظم

پشاور: نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ہم کبھی اجازت نہیں دینگے کہ کوئی تنظیم یا جتھہ ہتھیار اٹھا کر ریاست کی رٹ کو چیلنج کرے، پولیس کو جدید آلات سے لیس کیا جائے تا کہ دہشت گردی کی عفریت سے بہتر انداز میں نمٹا جا سکے۔

پشاور میں ایوان صنعت و تجارت کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ میں مسلح افواج اور پولیس نے لازوال قربانیاں دی ہیں، وفاقی اور صوبائی حکومتیں نیشنل ایکشن پلان پر عمل درآمد کے لیے کوشاں ہیں۔

’’بعض لوگ چوری اور اسمگلنگ کو اپنا حق تصور کرتے ہیں‘‘
نگراں وزیراعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ پاکستان میں 90 ہزار لوگوں نے دہشتگردی کے خلاف اپنی جانیں دے دیں لیکن کچھ لوگ کہتے ہیں میں زیادہ ٹیکس کیوں دوں؟ بعض لوگ چوری اور اسمگلنگ کو اپنا حق تصور کرتے ہیں۔

انوار الحق کاکڑ نے مزید کہا کہ پاکستان کا خواب ایک بہت بڑا خواب تھا اور اس کی تعبیر اتنی آسان نہیں ہے، اس کے لیے مال، جان اور اولاد کی قربانی دینی پڑتی ہے، پھر اپنے مستقبل کو محفوظ کیا جاتا ہے۔

’’چند لوگ حق اسمگلنگ مانگ رہے ہیں‘‘

نگراں وزیراعظم نے کہا کہ کوئی ایک نسل قربانی دیتی ہے اور آئندہ کی نسلوں کو آباد کر جاتی ہے، یہ فیصلہ اب ہمیں کرنا ہے، ہم ایک نسل کی قربانی دے چکے ہیں، لیکن کیا آنے والی نسلوں کو محفوظ کرپائے ہیں؟

انوار الحق کاکڑ نے کہا کہ ایک طرف 90 ہزار لوگ اپنی جانیں دے رہے ہیں جبکہ دوسری طرف چند لوگ حق اسمگلنگ مانگ رہے ہیں، کیا اس طرح معاشرہ چل سکتا ہے، طرز تعلیم سے لیکر طرز سیاست و معیشت میں صرف سوالات ہی سوالات ہیں، اور جوابات مل ہی نہیں رہے اور اگر جوابات کی کوشش کی جائے تو مختلف حلقوں کی جانب سے ردعمل آجاتا ہے۔

’’ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی مدد لائق تحسین ہے‘‘

وزیراعظم انوارالحق کاکڑ نے کہا کہ حکومت کے بروقت اقدامات کی وجہ سے امریکی ڈالر کی قیمت میں کمی آئی ہے، اسمگلنگ اور ذخیرہ اندوزی کی روک تھام میں فوج کی جانب سے فراہم کی گئی مدد لائق تحسین ہے۔

وزیراعظم نے زور دے کر کہا کہ اسمگلنگ اور کرپشن کو بالکل برداشت نہیں کیا جائے گا، پاکستان میں غیر قانونی طور پر مقیم افراد کو واپس بھیجا جا رہا ہے تاہم یہ خیال رکھا جائے کہ قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو اس حوالے سے کوئی دشواری نہ ہو۔

دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے سپاہی کو خراج تحسین

علاوہ ازیں انہوں نے دہشتگردوں کا مقابلہ کرنے والے پولیس سپاہی کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ عمر سعید جیسے بہادر جوان قوم کی ایک آہنی دیوار کی مانند حفاظت کررہے ہیں۔

نگراں وزیراعظم نےصوابی سے تعلق رکھنے والے جوان عمر سعید کو بہادری پر شاباش دی اور 5 لاکھ روپے کا انعام بھی دیا۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے لوگوں کی ثقافت، اقتدار سے دلی وابستگی ہے، میں نے یہاں کے لوگوں میں صداقت دیکھی ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button