ریاست کی رٹ قائم کرنے کے لیے کسی بھی حد تک جائیں گے، آرمی چیف
اسلام آباد: آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے کہا ہے کہ ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔
قومی ایپکس کمیٹی نے پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی زیر صدارت قومی ایپکس کمیٹی کا اجلاس ہوا، جس میں سول اور عسکری حکام ، حساس اداروں کے سربراہان، چاروں صوبائی آئی جیز اور چیف سیکریٹریز نے شرکت کی۔ اجلاس میں ملک کی مجموعی امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔
ایپکس کمیٹی نے نیشنل ایکشن پلان کے تحت پاکستان میں غیرقانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کو ملک بدر کرنے کا حتمی فیصلہ کر لیا۔
ذرائع کے مطابق آرمی چیف نے اجلاس میں زور دے کر کہا ایک پاکستانی شہری کی جان و مال اور فلاح و بہبود کسی بھی دوسرے ملک اور کسی بھی دنیاوی مفاد سے مقدم ہے۔
آرمی چیف نے کہا کہ پاکستان کے پاس صرف ایک ہی آپشن ہے کہ کہ ہمیں اٹھنا ہوگا اور ان درپیش چیلنجز کا مقابلہ کرنا ہوگا، ریاست کی رٹ قائم کرنے کےلیے کسی بھی حد تک جائیں گے۔